تعمیر کرنے مغربی بنگال حکومت کے فیصلے پر تنقید
کولکتہ۔28 جون (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے ریاستی حکومت پر تنقید کی کہ اس نے مڈ ڈے میلس کے لیے مسلم اکثریتی والے اسکولوں میں ڈائننگ رومس تعمیر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مغربی بنگال کے ضلع کوچ بہار کے سرکاری اسکولوں میں مڈ ڈے میل اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ ان اسکولوں میں پڑھنے والے طلبہ کی 70 فیصد اکثریت مسلمانوں کی ہے۔ سرکاری اسکولوں میں ڈائننگ روم بنانے کے لیے حکومت کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی اس مسلمانوں سے ہمدردی کے پیچھے مفاد پرستی پوشیدہ ہے۔ اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر سرکولر کی کاپی اپلوڈ کرتے ہوئے دلیپ گھوش نے لکھا ہے کہ میں نے یہ سرکولر دیکھا جس میں مغربی بنگال حکومت نے اسکول حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ڈائننگ رومس تعمیر کریں جہاں پر 70 فیصد یا اس سے زیادہ مسلم طبقے کے بچے زیر تعلیم ہیں۔ اس تعلق سے تبصرہ کرنے کے لیے فوری طور پر کوئی سرکاری عہدیدار دستیاب نہیں ہوا۔ بی جے پی ریاستی صدر نے سوال کیا کہ آخر مذہب کی بنیادوں پر طلبہ کے درمیان امتیاز برتا جارہا ہے۔ حکومت کے اس اقدام کے پیچھے مفاد پرستی معلوم ہوتی ہے۔ اس سرکولر کو ضلع کوچ بہار کے مجسٹریٹ آفس کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس میں ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکولس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرکاری اسکولوں میں مڈ ڈے میلس کے لیے ڈائننگ ہالس تعمیر کریں۔