مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی نیٹ2026کی لانگ ٹرم فری کوچنگ کیلئے طلبہ کا انتخاب

   

کریم نگر۔20اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سید مظفرالدین احمد(نائب صدر مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کریم نگر) کی اطلاع کے بموجب نیٹ2026کی لانگ فری کوچنگ کلاسیس کیلئے طلباء وطالبات کا کونسلنگ کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔یہ کوچنگ ادارہ شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس کریم نگر کے اشتراک سے ایک مکمل اسکالرشپ پرمبنی ہوگی۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب محمدمظفر الدین احمد بشیر (صدرمسلم ایجوکیشنل سوسائٹی )کی صدارت میں منعقدہوئی۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹرخدیجہ خاتون، مرزا احمد بیگ (خازن)،شیخ ابوبکر خالد(جنرل سکریٹری سوسائٹی) ،نئے اراکین شیخ سالم، احتشام عثمانی،مرزا محب بیگ او ر شیخ ابوبکر خالد نے شرکت کی۔ اس جلسہ میں نومنتخبہ اراکین کا تعارف پیش کیاگیا اور انہیں تہنیت پیش کی گئی اور ساتھ ہی ساتھ رجسٹریشن انچارج محمدغیاث کی بھی سوسائٹی کی جانب سے گلپوشی کی گئی۔ ڈاکٹر محمدسلیم الدین نے اس موقع پراپنے خطاب میں کہاکہ مسلم نوجوانوں کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہئے۔ انہو ں نے اس بات پر افسوس کااظہار کیا کہ نیٹ2026کی لانگ ٹرم فری کوچنگ کے متعلق مسلسل خبروں کی اشاعت کے باوجودصرف 7طلبہ ہی نے سوسائٹی سے رجوع کیا۔ سید مظفرالدین احمدنائب صد ر سوسائٹی نے تمام اخبارات کاشکریہ ادا کیاجنہوں نے فری کو چنگ سے متعلق خبریںشائع کیں۔انہوں نے والدین وسرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ تعلیم سے متعلق اہم خبروں سے واقفیت رکھے۔ مر زا احمد بیگ نے طلبہ کی کونسلنگ کی اورانہیں اہم معلومات فراہم کی۔آخر میں شیخ ابوبکرخالد نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر نیٹ کوچنگ کیلئے منتخب طلبہ، ان کے سر پرست،سوسائٹی کے اراکین اور دیگرموجود تھے۔