مسلم بندھو اسکیم کو کانگریس کے انتخابی منشور میں شامل کرنے سے اتفاق

   

عمران پرتاپ گڑھی سے فیروز خاں کی نمائندگی، کامیابی کیلئے قائدین میں اتحاد ضروری
حیدرآباد ۔یکم جون (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین اور رکن راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے منشور میں مسلمانوں کے لئے مسلم بندھو اسکیم شامل کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی اور حیدرآباد کے انچارج محمد فیروز خاں اور سکریٹری پردیش کانگریس محمد راشد خاں نے عمران پرتاپ گڑھی کو مسلم بندھو اسکیم کی افادیت سے واقف کرایا۔ مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کی عاملہ کے اجلاس میں محمد فیروز خاں نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی مسلم بندھو اسکیم کا وعدہ کرتی ہے تو مسلمانوں کی صد فیصد تائید حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو کے ذریعہ 60 لاکھ سے زائد دلت خاندانوں کو 10 لاکھ روپئے کی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے گریجن بندھو اسکیم کا تیقن دیا ہے ۔ فیروز خاں نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمان تعلیمی سماجی اور معاشی طور پر دلتوں سے زیادہ پسماندہ ہیں۔ کے سی آر حکومت نے گزشتہ 9 برسوں میں اقلیتوں کی ترقی کو نظر انداز کردیا ہے ۔ کالیشورم پراجکٹ اور مشن بھگیرتا جیسی اسکیمات مکمل ہوچکی ہے ، لہذا مسلم بندھو اسکیم کے اعلان کی صورت میں بجٹ کا کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں مسلم بندھو اسکیم کا وعدہ کانگریس کے لئے ماسٹر اسٹروک ثابت ہوگا اور مسلمان متحدہ طور پر کانگریس کی تائید کریں گے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ہائی کمان کو اس جانب توجہ دلانے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی اقلیتوں کے مسائل اور ضروریات کا جائزہ لیتے ہوئے انتخابی منشور میں اقلیتوں سے وعدے شامل کئے جائیں گے۔ فیروز خاں نے کہا کہ کرناٹک کی طرح پارٹی قائدین میں اتحاد کے ذریعہ تلنگانہ میں دوبارہ اقتدار ممکن ہے۔ر