مسلم بھائیو ں کی دریادلی،غریب و نادار افراد کی امداد کیلئے اپنی زمین فروخت کردی، تاحال 12,000 افراد کی امداد

,

   

کولار(کرناٹک): کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن عائد کردیا گیاہے جس سے غریب افراد پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ ملک میں بیشترآبادی روز کمار کر کھانے پر مشتمل ہے۔ اب جبکہ لاک ڈاؤن نافذ ہوگیا ہے اس کی وجہ سے لوگ غذائی اشیاء کے حوالہ سے پریشان ہوگئے ہیں۔ اکثر ما لدار افراد اپنے طور پر غریب و مستحق افراد کی غذائی اشیاء فراہم کرتے ہوئے مدد کررہے ہیں۔

بعض لوگ اپنی جائیدادیں فروخت کرتے ہوئے غریب عوام کی مدد کررہے ہیں۔ایسا ہی ایک واقعہ کرناٹک کے کولار شہر میں پیش آیا جہاں دو مسلمان بھائیوں نے اپنی اراضی فروخت کرتے ہوئے غریب و مستحق افراد کا پیٹ بھررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تجمل اور مزمل پاشاہ نامی دو بھائیوں لاک ڈاؤن کے آغاز سے ہی بلالحاظ مذہب و ملت غرباء و مساکین کی امداد کررہے ہیں۔ جب ان کے پاس جمع شدہ رقم ختم ہوگئی اوردوسری طرف لاک ڈاؤن میں سیع ہوگئی تو انہوں نے اپنی اراضی فروخت کردی اور اس رقم سے غذائی اجناس غرباء و مساکین میں تقسیم کی جانے لگی۔ تجمل اور مزمل پاشاہ کا تعلق موضع چھکا بالاپورکے محمدپور گاؤں سے ہیں۔ انہوں نے اپنی زمین 25 لاکھ روپے میں فروخت کردی ہے۔ اس رقم سے ضروری اشیاء خریدکر مستحق افراد میں تقسیم کررہے ہیں۔ تجمل جب آٹھ برس کے تھے اور محمد پاشاہ پانچ برس کے تھے اس وقت کے والدین دنیا سے گذر گئے۔ اس کے بعدسے ہی وہ دونوں اپنے دادی کے گھر میں رہنے لگے۔ غربت کی وجہ سے وہ زیادہ تعلیم حاصل نہ پائے۔ تجمل نے بتایا کہ ان کے غربت کے دنوں میں محلہ کے کئی افراد جس میں ہر مذہب کے لوگ شامل تھے ان لوگوں نے ان کی ہر طریقہ سے مدد کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ بھوک کی شدت کیسی ہوتی ہے ہمیں پتہ ہے۔ اس لئے آج ہم یہ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر مستحق خاندان میں 10 کیلو چاول، دو کیلو گیہوں، ایک کیلو شکر، تیل، چائے کی پتی، مرچ پاؤڈر، سینی ٹائزر کا ایک بوتل اور فیس ماسک فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے والینٹرس کو پاسس فراہم کئے گئے ہیں۔ محمد پاشاہ نے بتایا کہ تاحال 12,000پر مشتمل 2,800خاندانوں میں غذائی اجناس و ضروی اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے کام جاری رکھے جائیں گے۔