مسلم تحفظات مسلمانوں کی عزت نفس : انجن کمار یادو

   

کانگریس کا کارنامہ بی جے پی مسلم تحفظات ختم کرنے کی دھمکی دے رہی ہے ، بی آر ایس کی مجرمانہ خاموشی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : اسمبلی حلقہ مشیر آباد سے مقابلہ کرنے والے کانگریس کے امیدوار انجن کمار یادو نے بی جے پی قائدین کی جانب سے حیدرآباد کا نام تبدیل کرنے اور مسلم تحفظات کو منسوخ کرنے کا اعلان کرنے کی سخت مذمت کی ، حکمران بی آر ایس کی جانب سے بی جے پی کی نفرت انگیز مہم کا خاموش تماشہ دیکھنے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس میں خفیہ اتحاد ہے ۔ جس کی وجہ سے کارروائی کرنا تو دور بی آر ایس اس کی مذمت بھی نہیں کررہی ہے ۔ اب وقت آگیا ہے اسمبلی حلقہ مشیر آباد اور ریاست تلنگانہ سے بی آر ایس اور بی جے پی کو ٹاٹا بائے بائے کہہ دیں ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ ان کی انتخابی مہم کو سماج کے تمام طبقات بالخصوص تاجرین ، نوجوانوں اور خواتین کی بھر پور تائید حاصل ہورہی ہے ۔ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور کانگریس کو متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔ آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدر نشین عمران پرتاپ گڑھی اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جلسہ و روڈ شو کے بعد کانگریس کیڈر میں ایک نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ ان کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے ۔ اسمبلی حلقہ مشیر آباد کے مسائل سے وہ بخوبی واقف ہے اور اس کو حل کرانے کا ایجنڈہ بھی تیار کرچکے ہیں ۔ کامیابی کے دوسرے دن سے ہی وہ عوامی خدمات سے جڑ جائیں گے ۔ کانگریس کے 6 گیارنٹی کے ذریعہ جو وعدے کئے گئے ہیں انہیں پورا کیا جائے گا ۔ بی آر ایس کے موجودہ رکن اسمبلی عوامی توقعات پر کھرا اترنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ بی جے پی کا امیدوار ڈمی ہے کانگریس کی کامیابی کو روکنے کے لیے فرقہ پرست بی جے پی اور اس کی بی اور سی ٹیم متحد ہوگئی ہیں ۔ ان تینوں جماعتوں کو شکست دیتے ہوئے کانگریس کو کامیاب بنانے کے لیے کانگریس کے کارکن ایڑی چوٹی کا زور لگائے ۔ پارٹی کے کارکن آئندہ 5 دن میرے لیے کام کریں ۔ کامیابی کے بعد وہ پانچ سال تک عوام اور پارٹی کارکنوں کے لیے کام کریں گے ۔۔ ن