مسلم تحفظات میں اضافہ کی مخالفت کرنے امیت شاہ کی ہدایت

   

دہلی میں تلنگانہ قائدین سے ملاقات، کونسل انتخابات میں 2 نشستوں پر کامیابی پر اظہار اطمینان
حیدرآباد 21 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بی سی تحفظات میں اضافہ کی مخالفت نہ کریں تاہم مسلمانوں کے لئے تحفظات میں اضافہ کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کی جائے۔ تلنگانہ بی جے پی قائدین نے نئی دہلی میں امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی۔ تلنگانہ میں کونسل انتخابات میں ایک گرائجویٹ اور ایک ٹیچر نشست پر بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انتخابی کامیابی کے پس منظر میں تلنگانہ کے بی جے پی قائدین نے جے پی نڈا اور امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں پارٹی کے بڑھتے موقف سے واقف کرایا۔ ارکان پارلیمنٹ اور قائدین نے مرکزی وزیر کشن ریڈی کی قیادت میں امیت شاہ سے ملاقات کی۔ امیت شاہ نے نومنتخب ارکان ایم کمریا اور انجی ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ اسمبلی میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے حق میں جو بل منظور کیا گیا اُس کی تفصیلات سے امیت شاہ کو واقف کرایا گیا۔ تلنگانہ حکومت پارلیمنٹ میں منظوری کے لئے بل کو مرکز سے رجوع کرے گی۔ بی جے پی نے اسمبلی میں بل کی تائید کی تھی۔ امیت شاہ نے قائدین سے کہاکہ وہ بی سی تحفظات میں اضافہ کی مخالفت نہ کریں اور مسلم تحفظات میں اضافہ کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کی جائے۔ اِس موقع پر مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار بھی موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ امیت شاہ نے بی جے پی قائدین سے کہاکہ وہ مجالس مقامی کے انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جائیں کیوں کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے موقف میں تیزی سے بہتری واقع ہوئی ہے۔ اُنھوں نے پارلیمنٹ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی و کونسل کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی ناکامیوں کو عوام میں اُجاگر کریں اور اسمبلی انتخابات میں کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل پر کانگریس حکومت کو نشانہ بنائیں۔ امیت شاہ نے کہاکہ تلنگانہ میں پارٹی کے موقف کے بارے میں وقتاً فوقتاً رپورٹ حاصل کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ تلنگانہ میں بی جے پی کے استحکام پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں اکثریت کا حصول پارٹی کا نشانہ ہے۔ 1