مسلم تحفظات کو پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنانے اتم کمار ریڈی کا اعلان

   

حیدرآباد۔ 26 فروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو پٹنا پرگتی پروگرام کے تحت عوام کو جھوٹے وعدوں اور اعلانات کے ذریعہ گمراہ کررہے ہیں۔ نلگنڈہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مشن بھگیرتا کے تحت 10 فیصد مکانات کو بھی پانی کا کنکشن مہیا نہیں کیا گیا۔ مشن بھگیرتا کے نام پر 20 ہزار کروڑ کی رقم خرچ کی گئی لیکن یہ اسکیم سے زیادہ قائدین کی جیبوں میں منتقل ہوئی ہے۔ کے سی آر کے رئیتو بندھو اور دیگر وعدے محض انتخابی ثابت ہوئے۔ کسانوں کو ایک لاکھ روپئے تک قرض معافی کا اعلان ابھی تک عمل آوری کے مرحلے میں ہے۔ رائیتو بندھو اسکیم انتخابی فائدے کے لیے استعمال کی گئی اور پھر اسے روک دیا گیا۔ مسلمانوں اور قبائل کے تحفظات میں اضافے کا اعلان کیا گیا لیکن عمل آوری میں کے سی آر نے کوئی توجہ نہیں دی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں وہ مسلم اور ایس ٹی تحفظات کے مسئلہ کو پیش کریں گے۔ کے سی آر 12 فیصد تحفظات کا اعلان کیا اور اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا۔ مرکز کی مخالف تحفظات پالیسی کا بہانہ بناکر کے سی آر حکومت خاموش ہے۔