مسلم تحفظات کی برقراری کے لیے جی کشن ریڈی کو شکست دیں

   

بی جے پی فرقہ پرستی کا وائرس ، بی آر ایس کی فرقہ پرستوں سے میچ فکسنگ : ڈی ناگیندر
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے امیدوار حلقہ لوک سبھا سکندرآباد ڈی ناگیندر نے ریڈہلز میں بوہرہ کمیونٹی کے اہم شخصیتوں سے ملاقات اور ساتھ ہی حمایت نگر میں پدیاترا کرتے ہوئے گھر گھر کانگریس کی انتخابی مہم چلائی عوام نے مختلف مقامات پر ڈی ناگیندر کا والہانہ خیر مقدم کیا ۔ اپنے مسائل سے انہیں واقف کراتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا یقین دلایا ۔ مسائل کی یکسوئی میں اہم رول نبھانے کا ڈی ناگیندر نے وعدہ کیا ۔ ڈی ناگیندر نے کہا کہ بی جے پی فرقہ پرستی کا ماحول تیار کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ مگر تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے کا نریندر مودی کا خواب چکنا چور ہوجائے گا ۔ تلنگانہ کے عوام نے بی آر ایس کو سبق سکھاتے ہوئے اقتدار سے بیدخل کردیا ۔ اب پھر ایکبار تلنگانہ کے عوام بی جے پی کو سبق سکھانے مودی کو اقتدار سے بیدخل کریں گے ۔ کانگریس پارٹی نے مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کیا ہے ۔ بی جے پی مسلم تحفظات کو ختم کرنے کا اعلان کررہی ہے ۔ مسلم تحفظات کی برقراری کے لیے بی جے پی کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ کانگریس کے امیدوار ڈی ناگیندر نے بی جے پی کو فرقہ پرستی کا وائرس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا ویکسن راہول گاندھی ہے جو نفرت کے بازار میں محبت کی دوکان کھول رہے ہیں ۔ کانگریس ایک سیکولر جماعت جو سماج کے تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے ۔ ڈی ناگیندر نے کہا کہ ریاست میں بی آر ایس کا کھیل ختم ہوگیا ہے ۔ بی آر ایس پارٹی خفیہ طور پر بی جے پی سے میچ فکسنگ کرچکی ہے اور ڈمی امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔ درپردہ وہ بی جے پی کی کامیابی کے لیے کام کررہی ہیں ۔ اقلیتیں بالخصوص مسلمان بی آر ایس پر ہرگز بھروسہ نہ کریں ۔ بی آر ایس کو دیا جانا والا ووٹ بی جے پی کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا ۔ ملک کے موجودہ لوک سبھا انتخابات انتہائی اہم ہے اور ہر ایک ووٹ کی اہمیت ہے تھوڑی سے بھی غفلت اور لاپرواہی بی جے پی کو فائدہ پہونچائے گی ۔ ملک سے فرقہ پرستی کا خاتمہ کرنے اور موقع پرست بی آر ایس کو سبق سکھانے کے لیے عوام کانگریس کو ووٹ دیں اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے ۔ کامیابی کے بعد وہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کی ترقی کے لیے انتھک جدوجہد کریں گے اور عوام کو ہمیشہ دستیاب رہیں گے ۔۔ 2