مسلم تحفظات کے خلاف امیت شاہ کا بیان افسوسناک : جیون ریڈی

   

پسماندگی کی بنیاد پر تحفظات کی فراہمی، کانگریس 50 فیصد کی حد ختم کردے گی
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن کونسل جیون ریڈی نے کریم نگر میں بی آر ایس سربراہ کے سی آر کی تقریر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دس سالہ بی آر ایس دور حکومت کی خامیوں اور غلطیوں کو کانگریس حکومت سے منسوب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹ کی تعمیر اور مشن بھگیرتا پروگرام پر عمل آوری میں کئی بے قاعدگیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کریم اور دیگر اضلاع میں پانی بحران کیلئے بی آر ایس کی سابق حکومت ذمہ دار ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں جو پراجکٹس تعمیر کئے گئے تھے ان سے آج بھی تلنگانہ کو فائدہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں بلند بانگ دعوے کئے تھے لیکن میڈی گڈہ اور انارم بیاریجس کی ناقص تعمیرات نے بے قاعدگیوں کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے اقتدار سے محرومی کے بعد کے سی آر عوام سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف عوامی ناراضگی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ حیدرآباد کا حوالہ دیتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ امیت شاہ 2014 میں عوام سے کئے گئے وعدوں کے بارے میں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 برسوں میں مودی حکومت نے وعدوں پر عمل آوری کو فراموش کردیا۔ انہوں نے الیکٹورل بانڈس کی تفصیلات برسرعام کرنے میں مودی حکومت کے تذبذب کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر الیکٹورل بانڈس میں شفافیت ہو تو مرکزی حکومت کو تفصیلات عوام کے درمیان پیش کرنی چاہیئے۔ مسلم تحفظات کو ختم کرنے سے متعلق امیت شاہ کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ ملک میں مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی مخالفت کرنے والی بی جے پی کا دوہرا معیار ہے۔ کانگریس نے مسلمانوں کو پسماندگی کی بنیاد پر تحفظات فراہم کئے تھے لیکن اسے مذہب سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مرکز میں کانگریس برسراقتدار آنے پر مجموعی تحفظات کی 50 فیصد حد کو ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں سے نفرت کے اظہار کیلئے امیت شاہ نے تحفظات کی مخالفت میں بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم تحفظات مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ پسماندگی کی بنیاد پر ہیں۔1