شارٹ فلم کی اجرائی، کانگریس کے اقلیتی قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/26 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے مسلم تحفظات کے آغاز کی مہم کے 30 سال کی تکمیل پر ایک سالہ طویل تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ 25 اگسٹ 1994 کو متحدہ آندھرا پردیش کی کانگریس حکومت نے مسلم تحفظات کے عمل کی شروعات کی تھی اور کانگریس پارٹی کی جانب سے 30 سالہ تاریخ پر مبنی شارٹ ویڈیو جاری کیا گیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین، صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ ، سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد جاوید اور سینئر لیڈر متین شریف نے گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 25 اگسٹ سے مختلف پروگراموں کا آغاز ہوگا جس میں مسلم تحفظات سے فوائد کی تفصیلات سے مسلمانوں کو واقف کرایا جائے گا۔ متحدہ آندھرا پردیش میں وجئے بھاسکر ریڈی دور حکومت میں اسوقت کے وزیر اقلیتی بہبود محمد علی شبیر کی ایماء پر جی او ایم ایس 30 جاری کیا گیا تھا جس میں 14 طبقات کو تحفظات فراہم کئے گئے تھے۔ مسلم تحفظات کی تحریک تین دہوں پر مشتمل ہے۔ کانگریس نے پٹو سوامی کمیشن قائم کیا تھا لیکن تلگودیشم دور حکومت میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ 2004 میں کانگریس کے دوبارہ اقتدار کے بعد ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے 5 فیصد تحفظات فراہم کئے تھے جبکہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر تحفظات کو 4 فیصد کیا گیا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ گذشتہ 18 برسوں میں 4 فیصد تحفظات سے تقریباً 20 لاکھ غریب مسلم خاندانوں کو دونوں ریاستوں میں تعلیمی اور معاشی فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ کانگریس نے روزگار اور تعلیم میں تحفظات فراہم کئے جس کے تحت پیشہ ورانہ کورسیس میں مسلم طلبہ کی نمائندگی میں اضافہ ہوا ہے۔ قائدین نے بتایا کہ ستمبر کے دوسرے ہفتہ میں تحفظات تقاریب کا آغاز ہوگا۔ ایک سالہ طویل تقاریب کے دوران مختلف اضلاع میں پروگرام منعقد ہوں گے اور فوٹو ایگزبیشن کا اہتمام کرتے ہوئے تحفظات کی جدوجہد کی تاریخ سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔1