مسلم ترکاری فروش کو نام پوچھ کر زدو کوب کرنے کا واقعہ

   

حیدرآباد /7 مئی (سیاست نیوز) کورونا وائرس وباء جیسی ہنگامی صورتحال کے دوران مسلمانوں کو اشرار کی جانب سے نہیں بخشا جارہا ہے اور انہیں وباء کے پھیلنے کیلئے بار بار قصوروار دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ شہر میں ایسا واقعہ پیش آیا جس میں ایک ترکاری فروش کو اس کا نام پوچھ کر نشانہ بنایا گیا اور مسلمان کورونا وائرس کیلئے ذمہ دار ہونے کا الزام عائد کیا ہے ۔ یہ واقعہ کلثوم پورہ کے علاقہ ایم سی ایچ کالونی میں آج اُس وقت پیش آیا جب کلثوم پورہ کا ساکن محمد قدیر جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے لاک ڈاؤن کے باعث ترکاری کا کاروبار شروع کیا تھا ۔ قدیر ایم سی ایچ کالونی میں ترکاری کی بنڈی لگاتا ہے اور آج ایک شرپسند نے اس کا نام پوچھا اور اس سے مارپیٹ شروع کردی ۔ اتنا ہی نہیں شرپسند نے قدیر کی ترکاری پھینک دی اور اس کے ترازو کو بھی نقصان پہونچایا ۔ واقعہ کے بعد قدیر نے کلثوم پورہ پولیس سے شکایت درج کروائی اور پولیس نے اسے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا ۔ قدیر نے بتایا کہ نامعلوم شخص نے پہلے نام پوچھا اور اس پر حملہ کردیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔