سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں احتیاطی اقدامات کرنے کی اپیل
حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) شہر کی مسلم جماعتوں اور تنظیموں کے ایک نمائندہ وفد نے آج وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ملاقات کی اور بابری مسجد مسئلہ پر سپریم کورٹ کے مجوزہ فیصلے کی روشنی میں حکومت کی جانب سے تمام تر احتیاطی اقدامات کرنے کی اپیل کی۔ امیر جماعت اسلامی تلنگانہ مولانا حامد احمد خان، صوفی سید شاہ محی الدین قادری، سید شاہ غلام صمدانی، ڈاکٹر آصف عمری، محمد صادق، ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین، شفیع عالم خان جامعی، محمد مشتاق ملک، محمد اظہرالدین، سید اطہر کمال، ایم این بیگ زاہد اور محمد عبدالمجید پر مشتمل وفد نے وزیر داخلہ کو پیش کردہ یادداشت میں کہا کہ بابری مسجد تنازعہ کے سلسلہ میں سپریم کورٹ بہت جلد فیصلہ سنائے گا۔ بعض غیر سماجی عناصر صورتحال کا استحصال کرتے ہوئے امن و امان کو بگاڑنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ مسلم قائدین نے وزیر داخلہ سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا جائزہ لیں اور امن و ضبط کی برقراری کے لیے اقدامات کریں۔ مسلم قائدین نے کہا کہ حساس علاقوں میں سکیوریٹی کو سخت کیا جائے تاکہ غیر سماجی عناصر پر کڑی نظر رکھی جاسکے اور انہیں امن میں خلل پیدا کرنے میں کامیابی نہ ملے۔ وزیر داخلہ نے وفد کو بتایا کہ حکومت پوری طرح چوکس ہے اور تمام تر احتیاطی قدم اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام فریقین نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرنے کا اعلان کیا ہے لہٰذا حکومت کو یقین ہے کہ تلنگانہ میں امن و ضبط اور بھائی چارہ کی فضاء متاثر نہیں ہوگی۔