ڈی سی سی صدر ساجد خاں کی جناب عامر علی خاںسے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال
عادل آباد : ضلع عادل آباد کانگریس کے صدر ساجد خان نے آج دفتر روزنامہ ’’ سیاست ‘‘ پہونچ کر نیوز ایڈیٹر عامر علی خان سے خیرسگالی ملاقات کی اور کہا کہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کرنے سے کانگریس قائدین اور کارکنوں میں ایک نیا جوش وخروش پیدا ہے اور پارٹی میں نئی جان پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمارریڈی کی خدمات کو بھی ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت سے عوام بدظن ہوگئے ہیں ۔ ریونت ریڈی کو کانگریس کا صدر نامزد کرنے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر کی اُلٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔ کانگریس پارٹی عوامی مسائل کو اُٹھانے اور اس کو حل کرانے کیلئے مزید جدوجہد کریگی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریونت ریڈی کی حلف برداری تقریب میں جوش و خروش کو دیکھ کر یہ اندازہ ہوگیا ہیکہ عوام کانگریس کو ٹی آر ایس کے متبادل کے طورپر دیکھ رہے ہیں ۔ انہیں امید ہے ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس پارٹی مزید مستحکم ہوگی اور اضلاع کانگریس کمیٹیوں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئیگی ۔ ساجد خان نے کہا کہ ضلع عادل آباد میں کانگریس پارٹی کافی مستحکم ہے اور عوامی مسائل پر جدوجہد کریگی وہ ہمیشہ عوام کیلئے دستیاب رہتے ہیں ان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پارٹی کے ہر پروگرام کو ضلع عادل آباد میں کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے ۔ پارٹی قیادت سے جو بھی پروگرام وصول ہوگا اس کو کامیاب بنائینگے ۔ ساجد خان نے نیوز ایڈیٹر عامر علی خان کی 12 فیصد مسلم تحفظات کی مہم کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ روزنامہ ’’ سیاست ‘’ نے مسلمانوں میں شعور بیدار کرنے کیلئے جو مہم چلائی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ اس کے علاوہ مسلم مسائل کو اُجاگر کرنے اور اس کو ایوانوں تک پہونچانے میں روزنامہ ’’ سیاست ‘‘ ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے ۔