مسلم خاندان کا ڈبل بیڈ روم مکان میں پھولوں کے ساتھ استقبال

,

   

تعمیری معیار کا جائزہ لینے ٹی ہریش راؤکا سینکڑوں مرتبہ دورہ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے مسلم خاندان پر پھول نچھاور کرتے ہوئے ڈبل بیڈ روم مکان میں ان کا والہانہ خیر مقدم کیا اور ڈبل بیڈ روم مکان کی چابی ان کے حوالے کی ۔ ہریش راؤ نے آج شہر سدی پیٹ کے کے سی آر نگر میں 216 استفادگان کو ساتویں مرحلے کے طور پر ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کئے ۔ اس موقع پر وزیر فینانس نے ایک مسلم خاندان کا ڈبل بیڈ روم مکان میں خیر مقدم کیا جب بچوں نے انہیں پھول پیش کیا تو ہریش راؤ نے یہی پھول ان پر نچھاور کرتے ہوئے انہیں خوش کردیا ۔ اس موقع پر وزیر نے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کے استفادگان کا شفاف طریقہ سے غیر جانبدارانہ انداز میں انتخاب کیا گیا ۔ مکانات کی تقسیم کے لیے جو رہنمایانہ اصول تیار کئے گئے ہیں ۔ اس پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح حیدرآباد میں گیٹیڈ کمیونٹی ہوتی ہے اسی طرح تمام سہولتوں سے آراستہ گیٹیڈ کمیونٹی کے طرز پر ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرتے ہوئے غریب اور مستحق افراد میں تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے مکانات حاصل کرنے والے خوش نصیب عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اطراف واکناف صاف صفائی پر خصوصی توجہ دیں ۔ کوڑا کچرا جہاں چاہے نا ڈالیں ۔ مچھروں اور مکھیوں سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے انڈر گراونڈ ڈرینج سسٹم تیار کیا گیا ہے ۔ مکانات کی تعمیرات کے لیے ڈھائی سال تک محنت و مشقت کی گئی ہے ۔ تعمیرات کے دوران معیار کا جائزہ لینے کے لیے وہ تقریبا 400 مرتبہ دورہ کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مکانات فروخت کرنے یا کرایہ پر دینے پر ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ ماباقی تمام اہل افراد کو بھی ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔۔