کولمبو ۔ 27 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا میں علمائے دین نے مسلم حواتین سے خواہش کی ہے کہ وہ ابھی مزید کچھ دنوں تک برقعہ پہننے سے اس وقت تک اجتناب کریں جب تک حکومت کی جانب سے یہ وصاحت نہ ہوجائے کہ مسلم خواتین برقعہ پہن سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ چار ماہ قبل ایسٹر سنڈے خودکش دھماکوں کے بعد ملک میں ہنگامی حالات کا اعلان کیا گیا تھا ۔ علمائے دین کو اب بھی یہ خدشہ ہے کہ مسلمانوں کو ایک بار پھر نشانہ بنایا جاسکتا ہے کیونکہ ایسٹر خودکش دھماکوں کے بعد مسلمانوں کی املاک کو تباہ بھی کیا گیا تھا ۔ ماہ اپریل میں ہوئے خودکش دھماکوں میں 260 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ ال سیلون جمیعتہ العلماء کے ترجمان فاضل فاروق نے یہ بات کہی۔ آل سیلون جمیعتہ العلماء سری لنکا میں اسلامی علماء کا ایک بڑا گروپ ہے ۔ انہوں نے مسلم خواتین سے خواہش کی کہ وہ ایک بار پھر برقعہ کے استعمال میں عجلت سے کام نہ لیں بلکہ موجودہ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں۔
