فاشسٹوں کے سر پر سینگ نہیں ہوتے ، وہ خود کو دوسروں سے بالاتر سمجھتے ہیں:جاوید اختر ، مہیش بھٹ
ممبئی ۔ /14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مسلمانوں کے خلاف نفرت اگلنے والے مودی فاشسٹ ہیں ۔ جب کوئی کسی کے خلاف غلط سونچ رکھتا ہے تو وہ فاشسٹ کہلاتا ہے ۔ ایک شو کے دوران نغمہ نگار جاوید اختر سے پوچھا گیا کہ آیا وزیراعظم نریندر مودی فاشسٹ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ وہ فاشسٹ ہیں ۔ میرا مطلب یہ ہے کہ فاشسٹوں کے سر پر سینگ نہیں ہوتے ۔ فاشسٹ خود کو دانا سمجھتے ہیں اوریہ سوچتے ہیں کہ وہ جو کچھ کررہے ہیں بہتر کررہے ہیں اور جو کچھ مسائل پیدا ہورہے ہیں وہ دوسروں کی وجہ سے ہے ۔ جب آپ وقت واحد میں عوام سے نفرت کی آگ اگلتے رہیں گے تو ایسے لوگوں کو فاشسٹ کہا جائے گا ۔ غیرملکی صحافی اور میزبان مہدی حسن نے سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بالی ووڈ کے ڈائرکٹر مہیش بھٹ اور مقبول ترین شاعر و مصنف جاوید اختر کا انٹرویو دکھایا گیا ہے ۔ انٹرویو میں صحافی نے بالی ووڈ کی دونوں مقبول شخصیتوں سے سوال کیا کہ آپ وزیراعظم مودی اور ان کے طرز حکمرانی کو فسطائی سمجھتے ہیں ۔ اس کے جواب میں مہیش بھٹ اور جاوید اختر نے بے ساختہ کہا کہ جی ہاں شاعر جاوید اختر نے مزید کہا کہ فاشسٹ ایک مخصوص ذہنیت کا نام ہے ۔ وہ اپنے علاوہ سب سے نفرت کرنے لگتا ہے ۔ دنیا میں اسلام فوبیا سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مہیش بھٹ نے کہا کہ یہ صورتحال 9/11 کے بعد پیدا ہوئی ہیں جس میں میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ۔ ہندوستان میں بھی لوگ اس کے زیراثر آگئے ہیں ۔ بی جے پی کی تو پوری سیاست ہی مسلمانوں سے نفرت کے گرد گھومتی ہے ۔ یہ پارٹی عام ہندوستانی کی نمائندگی نہیں کرتی ۔
