دہشت گردی اور اسلامو فوبیا پر وسیع تر تبادلہ خیال۔ مہاتر محمد، عمران خان اور دیگر کی شرکت
کوالالمپور 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا میں منعقد ہونے والی کوالالمپور چوٹی کانفرنس 2019 میں مسلم دنیا کو درپیش مسائل اور چیالنجس کا حل تلاش کرنے پر غور و خوض کیا جائے گا۔ خاصکر بہتر حکمرانی، ترقی، دہشت گردی اور اسلاموفوبیا پر وسیع تر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اِس کانفرنس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے علاوہ وزیراعظم ملائیشیا مہاتر محمد بھی شرکت کریں گے۔ 18 اور 19 ڈسمبر کے درمیان منعقد ہونے والی کوالالمپور چوٹی کانفرنس کے لئے دیگر کئی قائدین، مفکرین اسلام اور دانشوروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام شخصیتیں دنیا بھر میں پائے جانے والے موجودہ حالات اور مسلمانوں کو درپیش چیالنجس پر باہمی نظریات کا تبادلہ کریں گے اور اِن سے نمٹنے کے لئے مل جل کر کام کرنے پر توجہ دیں گے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان، وزیراعظم ملائیشیا ڈاکٹر مہاتر محمد کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں۔ دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان محمد فیصل نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان گلوبل رفیوجی فورم جنیوا میں بھی ڈسمبر میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرنے والے ہیں۔ گلوبل رفیوجی فورم اکیسویں صدی کے پناہ گزینوں پر یہ اجلاس منعقد کررہی ہے۔ اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کی جانب سے 17 اور 18 ڈسمبر کو منعقد ہونے والی یہ کانفرنس اہمیت کی حامل ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے حال ہی میں جاپان اور ہندوستان کے مشترکہ بیان پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بیان علاقائی سلامتی اور امن کے لئے خطرہ ہے۔ ہندوستان اور جاپان نے پاکستان کو نشانہ بناتے ہوئے دہشت گرد نیٹ ورک کے لئے اِسے ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔