مسلم ریزرویشن کی بحالی کیلئے ممبئی آزاد میدان پر دھرنامسلم ریزرویشن فیڈریشن کے جھنڈے تلے آج یہاں آزاد میدان پر گیارہ مسلم مسائل پر دھرنا دیا گیا ۔

,

   

مسلم ریزرویشن فیڈریشن کے جھنڈے تلے آج یہاں آزاد میدان پر گیارہ مسلم مسائل پر دھرنا دیا گیا ۔ دھرنے میں مالیگاؤں سمیت بھیونڈی ، ممبرا، جلگاؤں ، اورنگ آباد سے بڑی تعداد میں نمائندہ افراد کی شرکت رہی ۔ اس موقع پر تحریک کے قائد آصف شیخ رشید نے کہا کہ مراٹھا سماج کو ہائی کورٹ کے اعتراض کے باوجود ریزرویشن دے دیا گیا ۔ اور مسلمانوں کا پانچ فیصد ریزرویشن جسے ہائی کورٹ نے برحق اور واجبی قرار دیا تھا، اس کے باوجود مسلم ریزرویشن چھین لیا گیا۔ پیدل مارچ کے ذریعے ہمیں ممبئی آنے سے روکا گیا۔ ہماری آواز دبانے کی کوشش کی گئی لیکن حکومت یہ سمجھ کے اقتدار کی طاقت پر ہمیں دبایا نہیں جاسکتا۔مسلم ریزرویشن فیڈریشن کے تنظیمی ڈھانچہ کو ریاست بھر میں پھیلایا جائے گا اور ریاستی سطح پر اتحاد پیدا کرکے پوری قوت سے ہم اپنا احتجاج درج کرانے کا ہنر رکھتے ہیں۔

آصف شیخ رشید نے اس موقع پر اپنے سبھی گیارہ مطالبات پر روشنی ڈالتے ہوئے حکومت سے اپیل کی کہ حقداروں کو حق دیا جائے ۔خاص طور پر مسلم شاہ چھپر بند سماج کو کاسٹ ویلیڈیٹی سرٹیفکیٹ ملنے میں ہورہی دشواری کو دور کیا جائے ،اوقاف کا تحفظ ہو ، مائناریٹی فنڈ ایک ہزار کروڑ کیا جائے ، مالیگاؤں کا بجلی سپلائی نظام پرائیوٹ کمپنی کو نہ دیا جائے ،محمود الرحمن کمیٹی کی سفارشات کو لاگو کیا جائے ، مالیگاؤں کو ضلع بنایا جائے ، مسلم بستی سدھار اسکیم نافذ کی جائے ، بجٹ میں مائناریٹی فنڈ تین سو کروڑ کی بجائے ایک ہزار کروڑ کیا جائے ۔

دریں اثناء کابینی وزیر برائے سماجی انصاف راجکمار بڈولے سے ودھان بھون میں پندرہ رُکنی نمائندہ وفد نے آصف شیخ رشید کی قیادت میں ملاقات کی ۔ جس میں بھیونڈی سے شعیب گڈو ، طفیل فاروقی ، ذکی محبوب ، ممبرا سے رفیق خان ، مراٹھواڑہ سے شوکت بیگ ، علاؤ الدین شیخ (چالیسگاؤں) ،شمشیر بیگ (خاندیش) اور مالیگاؤں سے مولانا محمد ایوب قاسمی ،حافظ انیس اظہر، عبدالوہاب شیخ ، نسیم خان ، شکیل بیگ ، اسلم انصاری ، حاجی فتح محمد شاہ، محمود شاہ، لقمان انصاری ، عبدالحلیم صدیقی ، ایڈوکیٹ ہدایت اللہ ، نعیم نوری، سہیل ڈالریا،ساجد انصاری وغیرہ شامل تھے ۔

وزیر سماجی انصاف راج کمار بڈولے کے سامنے مسلم ریزرویشن، شاہ برادری اور بیگ مہتر سماج کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیر موصوف نے پانچ فیصد مسلم ریزرویشن کے موضوع پر وزیر اعلیٰ سے ملاقات کروانے اور بات کرنے کا وعدہ کیا ۔ جبکہ مسلم شاہ چھپر بند سماج اور بیگ و مسلم مہتر سماج کے مسائل پر قانون و انصاف محکمہ کے سکریٹری اور پردھان سچیو کے ساتھ ۲۸؍ فروری کی شام جوائنٹ میٹنگ منعقد کرکے فوری طور پر فیصلہ لینے کا وعدہ کیا۔ جس کے بعد دھرنا احتجاج ختم کردیا ۔

واضح رہے کہ مسلم مسائل کو لے کر بھیونڈی سے ممبئی50 کلو میٹر پیدل مارچ کو پولس محکمہ نے تھانہ سرحد پر روک دیا تھا اور لانگ مارچ کا پرمیشن ردّ کردیا تھا۔ اس کے بعد آج نئے سرے سے آزاد میدان میں مسلم ریزرویشن فیڈریشن کے رضاکاروں نے پُر جوش احتجاج کیا اور یہ اعلان کیا کہ حق و انصاف کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔