مسلم شخص پر حملے کے خلاف کمشنر پولیس کانپور کو نوٹس

   

قومی اقلیتی کمیشن کا اقدام، اندرون ایک ہفتہ کارروائی رپورٹ طلب
حیدرآباد۔13 ۔اگست (سیاست نیوز) قومی اقلیتی کمیشن نے کانپورکے پولیس کمشنر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک مسلم شخص پر حملہ اور انہیں مذہبی نعرے لگانے پر مجبور کرنے کے واقعہ پر رپورٹ طلب کی ہے ۔ کمیشن کے نائب صدرنشین عاطف رشید کی ہدایت پر کمیشن کے ڈائرکٹر اے دھنا لکشمی نے نوٹس جاری کی۔ کانپور میں پیش آئے واقعہ کی میڈیا میں رپورٹ پر از خود کارروائی کرتے ہوئے کمیشن نے کمشنر پولیس کانپور کو نوٹس جاری کی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس واقعہ سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ کمشنر پولیس سے مسلم شخص پر حملہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات طلب کی گئیں۔ حملہ میں گرفتاریوں اور جن دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، اس کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کی برقراری کے اقدامات پر وضاحت طلب کی گئی ۔ کمیشن نے حملہ کے وقت موجود پولیس والوں کے خلاف کارروائی کے بارے میں استفسار کیا جو خاموش تماشائی بنے رہے۔ اقلیتی کمیشن نے حملہ میں زخمی شخص کے ساتھ موجود کمسن لڑکی کی حالت اور ان سے بیان لینے کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ کمشنر کانپور کو اندرون ایک ہفتہ رپورٹ پیش کرنا ہے۔ اسی دوران نائب صدرنشین عاطف رشید نے نئی دہلی کے نئے پولیس کمشنر راکیش آستھانہ سے ملاقات کی اور دہلی میں امن و ضبط کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں اقلیتوں میں اعتماد بحال کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اقلیتی کمیشن کی جانب سے روانہ کردہ شکایتوں پر دہلی پولیس کے جواب کی عدم وصولی کا ذکر کیا۔ کمشنر پولیس نے تیقن دیا کہ وہ اقلیتوں کے مسائل کے حل پر توجہ دیں گے اور کمیشن کی جانب سے پیش کردہ امور پر جواب داخل کیا جائے گا ۔