مسلم طلبہ کیلئے گروپ امتحانات کی کوچنگ کا فوری آغاز ضروری

   


نظام آباد میں کانگریس قائد سید قیصر کی اقلیتی بہبود عہدیدار سے نمائندگی

نظام آباد ۔22 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سید قیصر قائد کانگریس پارٹی نے اقلیتی بہبود عہدیدار نظام آباد اور سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کرتے ہوئے گروپ II,III,IV امتحانات میں شرکت کے خواہشمند مسلم اقلیتی طلباء کیلئے کوچنگ کلاسس کا فوری آغاز کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سید قیصر نے ایس سی ، ایس ٹی اور اوبی سی طلباء کیلئے کوچنگ کلاسس کا آغاز کرنے کے باوجود مسلم اقلیتی طلباء کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود نظام آباد کی جانب سے کوچنگ کلاسس کے آغاز میں غیر ضروری تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ۔ گروپ II,III اور IV کے عنقریب منعقد ہونے والے امتحانات کی تیاری کیلئے کئی مسلم امیدوار تربیتی کلاسس میں شرکت کے خواہشمند ہیں لیکن محکمہ اقلیتی بہبود نظام آباد کی جانب سے مسلم طلباء کی قلت کا بہانہ کرتے ہوئے کوچنگ کلاسس کا آغاز نہیں کیا جارہا تھا طلباء نے قائد کانگریس سید قیصر سے ملاقات کرتے ہوئے درخواست کرنے پر سید قیصر نے طلباء کے ہمراہ نہ صرف اقلیتی بہبود عہدیدار اور سپرنٹنڈنٹ کی توجہ دلائی دلائی بلکہ انہوں نے محکمہ اقلیتی بہبود چیف ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ شاہنواز قاسم سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے اس مسئلہ کو پیش کرنے پر مسٹر شاہنواز قاسم نے نظام آباد میں عنقر یب اقلیتی طلباء کیلئے گروپ II,III اور IV کی کوچنگ کلاسس کا آغاز کرنے کا تیقن دیا ۔ سید قیصر نے نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خان سے فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے اقلیتی طلباء کیلئے کوچنگ کلاس کے آغاز کے سلسلہ میں توجہ دلانے پر جناب عامر علی خان نے بھی شاہنواز قاسم سے فون پر بات کرتے ہوئے اقلیتی طلباء کیلئے گروپ II,III اور IV کوچنگ کلاسس کے اہتمام پر زور دیا ۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہنواز قاسم کو نظام آباد سے گروپ امتحانات میں شرکت کے خواہشمند مسلم اقلیتی طلباء کی فہرست کو سید قیصر نے روانہ کردیا ۔ سید قیصر کے ہمراہ نریندر سنگھ گبر سکریٹری کانگریس پارٹی نظام آباد اور طلباء موجود تھے ۔