کلکٹر کورکن پارلیمنٹ نظام آباد اروند کا مکتوب
حیدرآباد۔/5 اپریل، ( سیاست نیوز) نظام آباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے ضلع کلکٹر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے نظام آباد میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاقوں کی سی آر پی ایف کے ذریعہ ناکہ بندی کرنے کی سفارش کی۔ اروند نے اپنے مکتوب میں کہا کہ اقلیتی آبادی والے علاقوں میں زیادہ تر کورونا کے متاثرین پائے گئے ہیں۔ ضلع میں ایک ہی دن میں 17 کورونا پازیٹیو کیسیس منظر عام پر آئے۔ یہ تمام نئی دہلی میں تبلیغی جماعت کے مرکز کا دورہ کرچکے ہیں ان کے ذریعہ افراد خاندان اور دوست احباب میں وائرس پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں اس بات کا خطرہ ہے کہ نظام آباد ضلع میں وائرس کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ ایسے افراد کا سروے کرنے والی ٹیموں پر حملہ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ یہ لوگ ضلع میں کھلے عام گھوم رہے ہیں جس سے عوام میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ ان پر پابندی کیلئے سخت قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ایسے افراد کے علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے سی آر پی ایف دستوں کو طلب کیا جائے اور ناکہ بندی کردی جائے تاکہ کوئی بھی گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے یہ اقدام ناگزیر ہے۔