جئے پور 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مسلم مذہبی رہنماؤں کا ایک وفد جو صوفی قائدین ہیں اور ملک گیر سطح کی مختلف درگاہوں سے تعلق رکھتے ہیں، جموں و کشمیر کا 12 تا 14 اکٹوبر دورہ کریں گے اور مقامی افراد سے ملاقاتیں کرتے ہوئے حقیقی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ علمائے دین کے اِس وفد کو روانہ کرنے کے لئے درگاہ اجمیر شریف کے زین العابدین علی خان نے پہل کی ہے۔ اُنھوں نے 18 رکنی وفد کی قیادت کے لئے اپنے فرزند نصیرالدین چشتی کو نامزد کیا ہے۔ کشمیر جھوٹی تشہیرکا شکار ہے اور سرحد پار ملک کی جانب سے اُسے ہند مخالف کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ زین العابدین علی خان نے کہاکہ اُن کا یہ احساس بڑھتا ہی جارہا ہے کہ ہمیں کشمیری عوام سے خاص طور پر نوجوانوں سے مشاورت کرنی چاہئے اور جموں و کشمیر کی خوشحالی کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔ اِسی وجہ سے جموں و کشمیر کو مسلم علمائے دین کا وفد روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔