محبوب نگر میں اُردو گھر ، شادی خانہ ، قبرستان اور وقف اراضی کے مسائل کے فوری حل پر زور ۔ گول میز اجلاس
محبوب نگر ۔9 ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسلمانوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات کا فوری آغاز کیا جائے ۔ یہ مطالبہ تلنگانہ جہدکار و نامور سماجی قائد جناب حنیف احمد نے کیا ۔ وہ مستقر محبوب نگر کے ایس ایم فنکشن ہال میں مسلم قائدین کے ایک بڑے اجلاس سے مخاطب تھے ۔ واضح رہے کہ ٹی ایف ٹی یو کے ریاستی جنرل سکریٹری ایس ایم خلیل کی صدارت میں یہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کے مسلم قائدین ، سماجی تنظیموں اور عوامی انجمنوں کے ذمہ داران شریک تھے ۔ حنیف احمد نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں سے جو وعدے کئے گئے ہیں اب اُس میں مزید تاخیر ہرگز نہیں ہونی چاہئے ۔ انھوں نے اُردو گھر کا حوالہ دیا کہ سنگ بنیاد کو 2 ماہ گذر گئے تعمیر کی شروعات نہیں ہوئی ۔ اس کے علاوہ بھی ہمارے دیگر مطالبات فوری طورپر حل کئے جائیں۔ انھوں نے اس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کے مقاصد اور ایجنڈے کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ قائدین نے سابقہ بی آر ایس حکومت اور موجودہ کانگریس حکومت دونوں پر مسلم اقلیتی مسائل کو نظرانداز کرنے کا الزام لگایا۔ قائدین نے مزید کہا کہ سابق میں بی آر ایس حکومت کی طرح اب کانگریس حکومت میں بھی مسلمانوں کو چھوٹے موٹے کاموں میں بھی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ قائدین نے کہاکہ اُردو گھر کی تعمیر کیلئے مہینوں تک فنڈز کی عدم اجرائی پر مسلمانان محبوب نگر شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔مقررین نے یاد دلایا کہ اصل اُردو گھر تلگودیشم حکومت کے دور میں تعمیر کیا گیا تھا لیکن نئی عمارت کیلئے منظورشدہ فنڈز اب تک جاری نہیں کئے گئے ۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ذاتی مفادات کے تحت تعمیر میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں ۔ قائدین نے محبوب نگر کی سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اقلیت اتحاد کو برقرار رکھنے میں صبر و سکون کا مظاہرہ کریں۔ قائدین نے اس مسئلہ پر تشویش ظاہر کی کہ سروے نمبرات 942، 943 ، 944 میں آر اینڈ بی عہدیداروں ، نیشنل ہائی وے حکام کی جانب سے 20 گنٹے اراضی پر قابض تین ایکر اراضی کے تعلق سے نہ تو عہدیدار اور نہ ہی عوامی نمائندے اس میں مداخلت کررہے ہیں اور نہ ہی اس سلسلے میں بات کرنے کے موقف میں ہیں۔ انھوں نے کہاکہ یہ بھی ہمارے لئے تعجب کا مقام ہے کہ شادی خانہ کیلئے ابھی تک زمین مختص نہیں کی گئی ہے ۔ قائدین نے مسائل کے حل کیلئے بلا تفریق کوششوں کے حل پر زور دیا ۔ آخر میں مقررین نے مسلمانوں سے کئے گئے انتخابی وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ان دیرینہ مسائل کے حل کیلئے پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر کام کریں۔ انھوں نے محبوب نگر میں شہری سماج کو مضبوط بنانے کیلئے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی برادریوں کے درمیان اتحاد کی اپیل بھی کی ۔ اجلاس میں محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ ، سراج قادری ، محمد تقی الدین بیت الخیر فاؤنڈیشن ، سید تقی الدین ، انور پاشا ، سید سعادت علی ( سعداللہ ) ، عبدالمجید ، صمد خان ، شیخ فاروق حسین آلمیوا ، محمد ایوب ، میر شعیب علی ، نظام الدین ، احمد ثناء ، محمد عبدالنعیم ، میر قادر ، محمد محسن خان ، میر محسن ، بابر شیخ ، نعیم عمران ، محمد خان ، شیخ سراج الدین ، شیخ عبداللہ کے علاوہ دیگر قائدین اور معززین شہر موجود تھے۔