مسلم مذہبی مقامات کے ٹیکس کو معاف کرنے کا مطالبہ

   

محبوب نگر میں بلدیہ کا اجلاس، مختلف امور پر مباحث، مسائل پر مبنی نمائندگیاں
محبوب نگر ۔ 24 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جس طرح دیگر مذاہب کے مقامات کے ٹیکس کو معافی دی جارہی ہے اسی طرز پر مسلم مذہبی مقامات کا ٹیکس بھی معاف کیا جائے۔ یہ مطالبہ سید سعادت اللہ حسینی کونسلر نے محبوب نگر بلدیہ کے اجلاس میں ایجنڈے پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ لائٹ کا عملہ ہڑتال پر ہونے سے لائٹس کی مرمت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ اس مسئلہ پر فوری توجہ دی جائے۔ بی آر ایس بلدی فلور لیڈر محمد بشیر نے کہا کہ اجلاس 3 ماہ میں منعقد ہو رہا ہے جو کافی طویل عرصہ ہے۔ اس کو ماہانہ منعقد کیا جائے تاکہ عوامی مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔ مشن بھگیرتا کی پائپ لائن کی مرمت کا کام بھی جلد کیا جائے۔ عبدالرشید مشتاق کونسلر نے اپنے وارڈ میں صفائی عملہ کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔ بی جے پی فلور لیڈر انجیا نے ہریتا ہارم کے تحت لگائے گئے پودوں پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے اس کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ دیگر کونسلرس نے بھی اپنے اپنے وارڈز کے مسائل پر نمائندگی کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر شویندر پرساد، کمشنر بلدیہ پردیپ کمار، وائس چیرمین گنیش و دیگر موجود تھے۔