ویسٹرن ہاسپٹلس ویب سائٹ کا افتتاح، جناب عامر علی خان کا خطاب
حیدرآباد۔ 31/جنوری۔ ( پریس نوٹ ) ۔ جناب عامر علی خان ایڈیٹر سیاست نے’میڈیکل اینڈ ہیلتھ گلوبل سروے رپورٹ‘ کے حوالے سے انکشاف کیا کہ مسلم مردحضرات کی اوسط عمر میں پانچ سال اور خواتین کی اوسط عمر میں 6.5 سال کی کمی کا پتہ چلا ہے۔ ناقص خوراک، طرز زندگی بھی اس کی وجوہات میں شامل ہیں۔ جناب عامر علی خان آج سہ پہر ویسٹرن ہاسپٹلس ریڈ ہلز میں ویب سائٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ انسان اور حیوان کے درمیان جو فرق ہے وہ ہمدردی کا جذبہ ہے۔ انہوں نے ویسٹرن ہاسپٹلس کے ڈاکٹرس کی ستائش کی جو انسانیت کے جذبہ سے سرشار ہیں اور کفایتی خرچ پر کارپوریٹ علاج کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے انسانی اقدار کا تحفظ کرتے ہوئے پیشہ طب کے تقدس کو برقرار رکھا ہے۔ جناب عامر علی خان نے کہا کہ عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ لوگ بلا ضرورت ہاسپٹلس سے رجوع ہوتے ہیں اور غیر ضروری مصارف برداشت کرتے ہیں۔ بعض اوقات علاج کے لئے وہ قرض بھی لیتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ویسٹرن ہاسپٹلس عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اس ضمن میں مناسب رہنمائی کرے گا۔جناب عامر علی خاں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویسٹرن ہاسپٹلس کے نام میں ویسٹرن ہے لیکن یہاں انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے کسی قسم کی مغربی پریکٹس نہیں کی جاتی ۔ امریکہ میں مقیم ممتاز ماہر نفسیات محمد علی کلے کے سابق ایڈوائزر ڈاکٹر محمد قطب الدین نے کہا کہ مریض ڈاکٹر میں خدا کا وجود تلاش کرتا ہے اس لئے ڈاکٹرس کو مریض سے شائستگی، اخلاق سے پیش آنا چاہئے۔ انہوں نے حکیم ابو علی سینا، حکیم اجمل خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جنہوں نے پیشہ طب میں ایک انقلاب رونماء کیا تھا۔ انہوں نے ڈاکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ مریض کے تشخیص اور علاج کے معاملے میں انسانیت کے جذبے کو برقرار رکھیں۔ ڈاکٹر فیصل مصطفی نے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جنید (ریاض، سعودی عرب)، ڈاکٹر سید اکبر حسن (گیسٹرو انٹرو پلوجسٹ)، ڈاکٹر متین الدین سلیم، ڈاکٹر سارنگ، جناب انتصار علوی اس موقع پر موجود تھے۔