مسلم مفادات کے تحفظ پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا

,

   

وائی ایس آر کانگریس نے طلاق ثلاثہ بل کی کھل کر مخالفت کی ، تہنیتی تقریب سے وجئے سائی ریڈی کا خطاب

حیدرآباد ۔ /4 اگست (سیاست نیوز) قومی جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی و رکن پارلیمان مسٹر وجئے سائی ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اقلیتی طبقات (مسلمانوں) کے مفادات کا تحفظ کرنے کے نہ صرف اقدامات کرے گی بلکہ مسلم مفادات کے معاملہ میں ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ مسٹر وجئے سائی ریڈی کے اعزاز میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی اقلیتی سیل کے زیراہتمام منعقدہ تہنیتی تقریب سے وشاکھاپٹنم میں خطاب کرتے ہوئے مسٹر وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ ریاست میں تمام مسلم بھائیوں نے متحدہ طور پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی بھرپور تائید کرکے برسراقتدار لانے میں اپنا اہم رول ادا کیا ۔ جس کے نتیجہ میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے تین ارکان کونسل کی نشستوں کے منجملہ ایک رکن کونسل مسلم قائد کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ طلاق ثلاثہ بل کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے موقف پر پارٹی صدر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے کی گئی بات چیت کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر وجئے سائی ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے مسلمانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کی مکمل ذمہ داری ہماری ہے اور تمام مسلمان طلاق ثلاثہ بل کی مکمل مخالفت کررہے ہیں ۔ لہذا ہمیں بھی مسلمانوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پارلیمنٹ میں ’’طلاق ثلاثہ بل‘‘ کی مکمل طور پر مخالفت کرنے کا مشورہ دیا اور بتایا کہ مسٹر جگن موہن ریڈی پر طلاق ثلاثہ بل کی تائید کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے دباؤ کے باوجود مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا بلکہ امکانی پارلیمان کو بل کی مکمل مخالفت کرنے کی سخت ہدایات دیں جس کی روشنی میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے طلاق ثلاثہ بل کی کھل کر مخالفت کی اور کہا کہ ریاست میں مسلمانوں کا تحفظ صرف اور صرف وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ذریعہ ہی ممکن ہے ۔

علاوہ ازیں چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت ریاستی حکومت مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کرنے کا مسٹر وجئے سائی ریڈی نے اعلان کیا ۔ ریاستی وزیر مسٹر ایم وینکٹ رمنا نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کسی چیف منسٹر نے جو اقدامات نہیں کئے وہ تمام مثالی اقدامات سابق چیف منسٹر متحدہ ریاست آندھراپردیش ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے انجام دیئے تھے اور اب غریب مسلمانوں کی ترقی کیلئے مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اور بھی مزید بہتر اقدامات کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسلمانوں کو ہر موقع پر دیگر طبقات کے مساوی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ ریاستی وزیر مسٹر اے سرینواس سابق تلگودیشم حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلگودیشم قائدین نے مسلمانوں کو ہر لحاظ سے ہراساں کرنے کے اقدامات کئے لیکن وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے مسلمانوں کا ہروقت ساتھ دینے کی وجہ سے انتخابات میں مسلمانوں نے متحدہ طور پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی بھرپور تائید کرکے پارٹی کو برسراقتدار لانے میں اپنا اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے آئندہ منعقد ہونے والے بلدی انتخابات وغیرہ میں بھی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے میں مسلمانوں سے اہم رول ادا کرنے کی پرزور اپیل کی ۔ رکن پارلیمان مسٹر ایم وی وی ستیہ نارائینا نے کہا کہ ان کی بحیثیت رکن پارلیمانی کامیابی حاصل کرنے میں مسلمانوں کا اہم رول رہا اور مسلمانوں کی بھرپور تائید کے نتیجہ میں ہی وہ رکن پارلیمان منتخب ہوسکے ۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے تمام مسلم بھائیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے آئندہ بھی بھرپور تعاون کرنے کی پرزور خواہش کی ۔ جنرل سکریٹری وائی ایس آر کانگریس پارٹی اقلیتی سیل مسٹر فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں میں زیادہ سے زیادہ غریب افراد پائے جاتے ہیں ۔ ان کی فلاح و بہبود پر اولین ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی مسلمانوں کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کا آغاز کرچکے ہیں ۔ اس تقریب سے مسرس ڈی سرینواس رکن اسمبلی ، بابو راؤ سابق رکن اسمبلی ، ایم وجئے پرساد وائی ایس آر اقلیتی سیل سٹی پریسیڈنٹ ، برکت علی ، شریف ، شبیر ، شیخ بابجی ، عبدالطیف ، شیخ منی و دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا اور چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی زبردست ستائش کی ۔