مسلم میاریج سرٹیفکیٹ کی اجرائی میں تعطل سے مشکلات

   

گلبرگہ کے ضلع انچارج وزیر پریانک کھرگے سے نمائندگی
گلبرگہ۔22۔فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ـ ضلع وقف مشاورتی کمیٹی گلبرگہ کے نائب چیئر مین چودھری محمد حیدر علی باغبان مسلم میاریج سرٹفکیٹس کی اجرائیمیں تعطل کو لے کر کافی فکر مند نظر آ تے ہیں۔ اس معاملہ کو حل کرنے کیلئے وہ اپنی حد تک کی ہر ممکنہ کوشش کر تے نظر آ رہے ہیں۔ اس ضمن میں خاص دلچسپی لیتے ہوئے انھوں نے اپنے ساتھی زبیر احمد خان کے ہمراہ بنگلور جا کر اس تعطل کو ختم کرنے کی کوشش کی۔ انھوں نے بنگلور میں ریاستی وزیر پریانک کھرگے ضلع انچارج گلبرگہ سے ملاقات کی اور پوری سنگین صورتحال سے موصوف کو واقف کروایا۔ جواب میں پریانک کھرگے نے بھی فوری حرکت میں آتے ہوئے حیدر علی باغبان کی اسی درخواست پر نوٹ لکھتے ہوئے اسے چیف منسٹرکے دفتر کو فارورڈ کیا اور ساتھ ہی اس مسئلہ کوچیف منسٹر کے ساتھ تبادلہء خیال کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ میاریج سرٹفیکیٹ کے تعلق سے کرناٹک کے مسلم جوڑوں کو گزشتہ تین ماہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔22نومبر کو کرناٹک ہائیکورٹ نے ایک معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے وقف بورڈ کی جانب سے مسلم میاریج سرٹفکیٹ کی اجرائی پر پابندی لگادی ہے۔ اس طرح سے یہ معاملہ گزشتہ تین ماہ سے تعطل کا شکار ہے۔ اس تعطل کے سبب بیرون ممالک جانے والے مسلم جوڑوں کو کافی پریشانی ہو رہی ہے۔ کرناٹک ہائیکورٹ نے اس ضمن میں حکومت کرناٹک سے اپنا موقف داخل کر نے کی ہدایت دی ہے ۔تاہم ریاستی حکو مت ہائیکورٹ میں اپنا موقف داخل کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ اب تک اس معاملہ میں ہائیکورٹ میں تین سماعتیں ہو چکی ہیں تاہم ابھی تک حکومت نے اپنا موقف داخل نہیں کیا ہے۔ اس سے حکومت کی عدم سنجیدگی کا اندازہ ہوتا ہے۔ اس موقع پر چودھری حیدر علی باغبان نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ تعطل کو ختم کرنے کیلئے جلد سے جلد اقداما ت کئے جائیں۔