حیدرآباد: یکم مارچ (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کو شاہ علی بنڈہ پولیس اسٹیشن کا مراسلہ فروری میں وصول ہوا تھا اور مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی تھی۔ مسلم نعش کو دواخانہ عثمانیہ سے حاصل کر کے قبرستان کوکٹ پلی میں شیخ عبدالعزیز صدر عیدگاہ کوکٹ پلی و صدر مسجد محمدیہ کی نگرانی میں تمام امور کی تکمیل کے بعد تدفین عمل میں آئی ۔ ورثاء گمشدگی کی اطلاع دینے جب شاہ علی بنڈہ پولیس اسٹیشن پہنچے تو پولیس عہدیدار نے انتقال اور میت سیاست کے حوالے کرنے کی اطلاع دی جس پر ورثاء ادارہ سیاست کے ذریعہ قبرستان پہنچے۔ مرحوم کی شناخت 35 سالہ چاند پاشاہ ساکن بنڈلہ گوڑہ غوث نگر کی حیثیت سے ہوئی ۔مرحوم کو دو بیٹیاں ایک بیٹا ہے۔ دیگر رشتہ داروں کے علاوہ محمد احمد پاشاہ ، محمد ہارون بھائی، محمد کلیم اور محمد سلیم قبرستان پہنچے اور دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ زاہد علی خان صاحب کو صحت اور طویل عمر عطا فرمائیںاور ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کو اجر عظیم عطا فرمائیں۔ والدہ سکینہ بیگم نے روتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک ستر ماؤں کی محبت میں میرے بیٹے کے گناہوں کو معاف فرمائیں۔