مسلم پرسنل لاء بورڈ مسلمانوں کاباوقارمثالی پلیٹ فارم

   

وقف ترمیمی قانون کیخلاف18مئی کو ورنگل میںجلسہ ۔ مشاورتی اجلاس سے مولانا عمرعابدین قاسمی اور دیگرکا خطاب
ورنگل۔9؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )مسلم پرسنل لا ء بورڈ ضلع ورنگل کے زیر اہتمام 18مئی کو منعقد ہونے والے’ وقف بچائو ،دستور بچائو فقید المثال جلسہ عام کے ضمن میں زکریا فنکشن ہال ہنمکنڈہ میں مولانا محمد فصیح الدین قاسمی کنوینر ضلع ورنگل کی زیرصدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔جناب مولانا محمد عمر عابدین قاسمی جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔اس اجلاس میں ائمہ اکرام ،مساجد کے صدور سکریٹریز ،دینی و ملی و سیاسی تنظیموں کے ذمہ دارا ن اور ملت کے درد مند نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔مفتی محمد زکریا قاسمی ،مولانا عتیق الرحمن اسعدی نے نظامت کی۔اس اجلاس میں معاون کنوینر محمد جلیل خان ،مولانا عبدالستار قاسمی ،مولانا محمد نصیر الدین حسامی ،مولانا عظیم قاسمی ،مفتی منہاج قیومی ،مولانا عبید الرحمن مدنی ،محمد عبدالمجید بلو برڈس ،محمد عبدالسبحان کنوینر ایم آئی ایم ،سید مسعود ،محمد عبدالقدوس ،مولانا سید ایوب قاسمی، مولانا میرادریس علی اعجاز بیابانی ،مولانا صابر نیئر عمری ،خواجہ توقیر احمد ،عبدالمنان ،مولانا منور حسین ،جناب محمد عبدالسبحان ،جناب مجاہد عرفان،محمد عبدالعلی زبیر ،حیدر سمیع اللہ حسینی ،محمد زبیر غفوری ،محمد اظہر اور دیگر نے جلسہ کی کامیابی کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں جسے ذمہ داروں نے بغور سماعت کیا۔بعد ازاں جلسہ کے انتظامات ،مساجد میں اعلان ،محلوں میں شعور بیداری اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مولانا محمد عمر عابدین قاسمی جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ہندوستانی مسلمانوں کا وہ مثالی اور باوقار پلیٹ فام ہے جس میں ملک کی سیکولر اور انصاف پسند پارٹیوں اور جماعتوں کی نمائندگی لی گئی ہے۔وقف ترمیمی قانون 2025کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مسلسل میدان عمل میں سرگرم ہے۔حکمت اور جرأت کے ساتھ ملک بھر میں پرسنل لاء کام کررہا ہے۔بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ جب تک یہ قانون واپس نہیں لیا جائے گا اس وقت تک اپنا حق پانے کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔مولانا فصیح الدین قاسمی کنوینر نے کہاکہ 18مئی 2025کو عظیم الشان جلسہ عام کا اسلامیہ کالج گرائونڈ میں بعد مغرب انعقاد عمل میں لایا جارہاہے۔اس جلسہ میں قومی و مرکزی صدر مسلم پرسنل لابورڈ حضرت مولاناخالد سیف اللہ رحمانی ‘ بیرسٹر اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدر آباد کے علاوہ ملک کے نامور علماء ،مشائخین اور دیگر شرکت فرمائیں گے۔انہوںنے عوام الناس سے جلسہ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔