قرآن ، حدیث اور فقہی اصولوں سے ٹکرانے والے قانون کی شدت سے مخالفت ، بورڈ کا آن لائن اجلاس
حیدرآباد۔5۔جولائی (سیاست نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے آج لاء کمیشن آف انڈیا کو اپنے اعتراضات پر مشتمل تفصیلی یادداشت آن لائن روانہ کردی ہے۔ صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی زیرصدارت منعقدہ آن لائن اجلاس کے دوران جناب شمشاد ایڈوکیٹ نے اعتراضات 22ویں لاء کمیشن کو روانہ کردیئے ۔ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے اس اجلاس کے دوران بورڈ کی جانب سے اختیار کردہ حکمت عملی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ ماحول میں بورڈ نے یونیفارم سیول کوڈ کے خلاف احتجاجی جلسہ ‘ جلوس منعقد فوری طور پر منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ضرورت پڑنے پر بورڈ کی جانب سے اس سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ انہو ں نے بتایا کہ بورڈ نے مسلمانوں سے جو اپیل کی ہے کہ وہ 22ویں لاء کمیشن کو اپنے اعتراضات روانہ کرنے میں کوئی کوتاہی نہ کریں کیونکہ اعتراضات روانہ کرنے پر کمیشن کو اس بات کا اندازہ ہوگا کہ مسلمان خاموش نہیں ہیں بلکہ ان کی کوششوں کے خلاف ان میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ صدرمسلم پرسنل لاء بورڈ نے ملک بھر سے آن لائن اجلاس میں شریک اراکین و ذمہ داران مسلم پرسنل لاء بورڈ کو مشورہ دیا کہ وہ ممکنہ حد تک عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے انہیں اعتراضات داخل کروائیں کیونکہ بعض گوشوں سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جار ہی ہے کہ اعتراضات کے ادخال کا کوئی اثر نہیں ہوگا جو کہ درست نہیں ہے۔ مولانا سید سجاد نعمانی نقشبندی نے دوران اجلاس مشورہ دیا کہ یونیفارم سیول کوڈ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کے اقدامات کئے جانے چاہئے اور اس سلسلہ میں قانونی مشاورت کی جانی چاہئے جس پر بورڈ میں شامل ماہرین قانون جناب یوسف حاتم مچالہ ‘ جناب شاہ حکیم اور دیگر نے بتایا کہ یونیفارم سیول کوڈ کے خلاف سپریم کورٹ سے اس وقت رجوع ہوسکتے ہیں جب یو سی سی کے مسلمانوں پر اثر ہونے اور ان کی مذہبی آزادی کے متاثر ہونے کی توثیق ہو اور یہ قانون ہماری مذہبی آزادی کو متاثر کرتا ہے تو اس قانون کو عدالت میں چیالنج کیا جاسکتا ہے۔ آن لائن منعقدہ اس اجلاس میں صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کے علاوہ شہر حیدرآباد سے مولانا سیدمتین قادری ‘ ڈاکٹر مشتاق ‘ جناب ضیاء الدین نیر ‘ محترمہ جلیسہ یٰس موجود تھے علاوہ ازیں ملک بھر کے کئی سرکردہ اراکین بورڈ اور ذمہ دار علماء بھی اس اجلاس میں شریک رہے۔ جناب قاسم رسول الیاس نے بورڈ کے ارکان کو لاء کمیشن کو پیش کئے گئے اعتراضات پر مشتمل مکتوب کے متعلق واقف کروایا ۔ بورڈ کے ذمہ داروں نے بتایا کہ یونیفارم سیول کوڈ کے معاملہ میں بورڈ کا موقف واضح ہے اور بورڈ اس کی شدت سے مخالفت کرے گا اور ایسے کسی بھی قانون کی مخالفت کی جائے گی جو قرآن ‘ حدیث اور فقہی اصولوں سے ٹکرائے گا۔ بورڈ کے ذمہ دارو ںنے بتایا کہ تاحال بورڈ کے وفود نے مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والوں سے ملاقات کرنے کے علاوہ سکھ اور عیسائی برادری کے ذمہ داروں سے بھی ملاقات کی ہے اور ان میں بھی یونیفارم سیول کوڈ کے متعلق موجود تشویش سے آگہی حاصل کرنے کے بعد انہیں بورڈ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور اعتراضات سے واقف کروایا ۔م