مسلم پرسنل لا بورڈ کا اتوار کو اہم ترین اجلاس

   

بابری مسجد فیصلے پر نظر ثانی اپیل کے تعلق سے غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا جائیگا
حیدرآباد۔11نومبر(سیاست نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ آئندہ اتوار کو منعقد ہونے والے اپنے اہم اجلاس کے دوران بابری مسجد فیصلہ کا جائزہ لے گا اور اسی اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کی جائے گی یا نہیں !بورڈ کے ذرائع کے مطابق مسلم فریقوں کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیروی کرنے والے سینیئر وکیل راجیو دھون نے فیصلہ پر درخواست نظر ثانی داخل کرنے کی حمایت کی ہے اور بورڈ کے بیشتر اہم ذمہ داران اور سرکردہ شخصیتوں کا ماننا ہے کہ اپیل دائر کی جائے۔ بتایاجاتا ہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اس اجلاس کو کافی اہمیت حاصل ہے کیونکہ اس اجلاس میں بابری مسجد مقدمہ کے متعلق مستقبل کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ بابری مسجد مقدمہ میں عدالت عظمی کی جانب سے صادر کئے جانے والے فیصلہ پر درخواست نظر ثانی کے قانونی موقف کے متعلق کہا جا رہاہے کہ اگر کوئی بھی فریق یہ درخواست داخل کرتا ہے تو ایسی صورت میں اس پر سنوائی ہوگی ۔مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے اس مقدمہ میں اب تک کی قانونی لڑائی کا جائزہ لیتے ہوئے مقدمہ کے اہم نکات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا اور مستقبل کا لائحہ عمل طئے کیاجائے گا۔ذرائع کا کہناہے کہ بورڈ کی جانب سے 5ایکڑ اراضی کی حوالگی کو قبول کئے جانے کا کوئی جواز ہی نہیں ہے اورنہ اسے قبول کیاجائے گا۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی قانونی کمیٹی کے علاوہ دیگر کمیٹیوں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور اتوار کو منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران تمام کمیٹیوں کے اہم ذمہ داروں کو اجلاس میں مدعو کرنے کے سلسلہ میں غور کیا جارہا ہے تاکہ قانونی لڑائی کے ساتھ ساتھ دیگر راستے اختیار کرنے پر بھی غور کیا جاسکے ۔