برادران وطن کے تہوار کے پیش نظر فیصلہ، نئی تاریخ کا عنقریب اعلان
حیدرآباد۔یکم۔اکٹوبر۔(سیاست نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے 3اکٹوبر کو ’بھارت بند‘ کے فیصلہ کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وقف مرممہ قوانین 2025 کے خلاف احتجاج کو ملتوی کرنے اعلان کیا ہے۔ جنرل سیکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا محمد فضل الرحیم مجددی اور ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے آج ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے اس بات کی اطلاع دی کہ 3اکٹوبر بروز جمعہ جو ’بھارت بند‘ کا اعلان کیا گیا تھا اسے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے کیونکہ ملک بھر میں اس تاریخ کو کئی مقامات پر برادران وطن کے مذہبی تہوار ہیں اسی لئے بند کی تاریخ کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پریس نوٹ کے مطابق صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی صدارت میں منعقد ہونے والے ہنگامی اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے سپریم کورٹ کے عبوری احکامات کے بعد جو دوسرے مرحلہ کی مہم کا اعلان کیا ہے اس میں شامل دیگر احتجاجی پروگرامس پر جوں کا توں عمل کیا جائے گا جبکہ ’بھارت بند‘ کے پروگرام کو مؤخر کرتے ہوئے جلد نئی تاریخ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ بورڈ کی دوسرے مرحلہ کی مہم کے مطابق جنتر منتر پر احتجاج‘ ریاستی اسمبلیوں کے روبرو مظاہرہ ‘ سوشل میڈیا کے ذریعہ مہم ‘ رام لیلا میدان دہلی میں جلسہ عام کا انعقاد اور دیگر شامل ہیں جو کہ حسب پروگرام منعقد ہوں گے۔ واضح رہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے 19 ستمبر کو یوم دعاء کے بعد 23 ستمبر کو بند منانے کا اعلان کیاگیا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر اس بند کو بھی ملتوی کردیا گیا تھا اور اب دوبارہ 3اکٹوبر کو منائے جانے والے بند کو بھی مؤخر کرنے کافیصلہ کیاگیا ہے۔3