مسلم ڈیلیوری بوائے سے غذا حاصل کرنے سے انکار

   

کرنے والے سوئیگی کے کسٹمر کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) غذائی اشیاء سربراہ کرنے والی کمپنی سوئیگی میں مسلم ڈیلیوری بوائے کے مسئلہ پر پھر ایک مرتبہ تنازعہ پیدا ہوا ہے۔ سوئیگی کی جانب سے سابق میں سدھار کی کوششوں کے باوجود ایک مسلم ڈیلیوری بوائے کو تلخ تجربہ سے گذرنا پڑا۔ حال ہی میں ایک کسٹمر نے اپنے آرڈر میں منشن کیا تھا کہ مسلم ڈیلیوری بوائے سے اشیاء روانہ نہ کی جائیں۔ اس واقعہ کے بعد صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ ٹیکسی اینڈ ڈرائیورس جے اے سی شیخ صلاح الدین نے ہدایات کا اسکرین شارٹ لے کر سوئیگی کو کارروائی کیلئے روانہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کسٹمرس جو مذہبی بنیادوں پر ڈیلیوری بوائے کا انتخاب کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔ کسی بھی مذہب سے نفرت کی تعلیم نہیں دی جاسکتی۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے بلکہ سابق میں بھی حیدرآباد میں ایک کسٹمر نے مسلم ڈیلیوری بوائز سے غذا حاصل کرنے سے انکار کردیا تھا۔ سوئیگی کے علاوہ بھی دوسری فوڈ ڈیلیوری کمپنی زوماٹو میں بھی اس طرح کے کسٹمرس پائے گئے ہیں۔ زوماٹو کے سی ای او اور فاؤنڈر دیپیندر گوئل نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہم ہندوستان کے نظریہ پر فخر کرتے ہیں اور ہمارے کسٹمرس اور پارٹنرس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی پائی جاتی ہے ۔ ہمارے اصولوں کے راستہ میں آنے والے بزنس سے محرومی پر ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ واضح رہے کہ حیدرآباد میں سوئیگی اور زوماٹو کے ہزاروں ڈیلیوری بوائز دن رات کسٹمرس تک غذائی اشیاء پہنچاتے ہیں۔ کسٹمرس کی جانب سے فرقہ وارانہ رنگ دینے کے واقعات پر عوام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ر