شمس آباد ۔ شمس آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے مسلم ڈی سی ایم ڈرائیور کو زدوکوب کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی سی ایم ڈرائیور محمد سبحان نے آج الزام عائد کیا کہ شمس آباد کے ایک پولیس اسٹیشن میں اسے جسمانی طور پر اذیتیں دی گئیں اور تین دنوں تک حراست میں رکھا گیا۔ اس نے اپنے جسم پر زخموں کے نشان بتائے اور بتایا کہ پولیس آفیسر نے نہ صرف بد کلامی کی بلکہ پاکستان جانے کے لئے بھی کہا۔ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ کی مداخلت پر سبحان کو رہا کیا گیا۔ سبحان کو شمس آباد سبزی مارکٹ کے قریب ٹریفک پولیس نے فوٹو چالان کیا جس پر سبحان نے ٹریفک پولیس سے چالان نہ کرنے کی اپیل کی۔ اس دوران بحث و تکرار کے بعد سبحان نے بدکلامی کرنے پر ایک عہدیدار کا کالر پکڑ لیا۔ اسی دوران دیگر پولیس عہدیدار وہاں پہنچ گئے اور سبحان کو پولیس اسٹیشن لیجاکر زدوکوب کیا گیا۔ اس سلسلہ میں ڈی جی پی مہیندر ریڈی اور سائبر آباد کمشنر سی وی سجنار کو واقعہ کی تفصیلات سے واقف کروایا گیا اور خاطی پولیس ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ ڈی جی پی نے کارروائی کا تیقن دیا جبکہ شمس آباد آر جی آئی انسپکٹر نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں۔