دستور کی حفاظت اور اوقافی املاک کی حفاظت ہماری ذمہ داری پر دو روزہ سیمینار سے خطاب کریں گے
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( راست ) : ملک کے ممتاز ماہر قانون جناب محمود پراچہ صاحب سینئر ایڈوکیٹ سپریم کورٹ مسلم یونائٹڈ فیڈریشن کی دعوت پر 29 اور 30 اپریل کو حیدرآباد کا دو روزہ دورہ کریں گے صدر مسلم یونائیٹڈ فیڈریشن مولاناحکیم صوفی سید شاہ محمد خیر الدین قادری نے میڈیا کے نمائندوں کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ محمود پراچہ جو تعارف کے محتاج نہیں اوقافی املا ک کی حفاظت اور ملک کے دستور کی حفاظت کے لیے ان کی جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ۔فیڈریشن نے تلنگانہ میں اوقافی املاک کی تباہی کے خلاف اور دستور کی حفاظت کے لئے مسلسل جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اس جدوجہد کو مزید طاقتور بنانے کے لیے ملک کے ممتاز قانون داں جناب محمود پراچہ کی خدمات سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے شہر حیدرآباد میں 29 اور 30 اپریل کو دو روزہ سیمینار ترتیب دیا گیا ہے 29 اپریل کو شام 7 تا 9 بجے شب تک مدینہ ایجوکیشنل سنٹر نامپلی نزد واقع حج ہاؤس بعنوان اوقافی املاک اللہ کی امانت اور اس کی حفاظت ہر مسلمان کی ذمہ داری پر ریاست تلنگانہ کے ممتاز قانون داں ایڈوکیٹس کے لیے سیمینار رکھا گیا ہے۔ اس اجلاس میں صرف ایڈوکیٹس حضرات ہی شرکت کریں گے اور اوقافی املاک کی حفاظت کے لیے ایک پروگرام ترتیب دیا جائے گا دوسرا اجلاس عام 30 اپریل کو صبح10 تا1بجے سیاست آڈیٹوریم دفتر روزنامہ سیاست میں بعنوان دستور کی حفاظت اور ہماری ذمہ داری منعقد ہوگا۔ ان دو اجلاسوں کی صدارت مولانا حکیم صوفی سید شاہ محمد خیر الدین قادری صدر مسلم یونائٹڈ فیڈریشن کریں گے اس اجلاس میں دانشوران قوم واسکالرز کے علاوہ معززین شہر کی کثیر تعداد موجود رہے گی جنرل سیکریٹری مسلم یونائیٹڈ فیڈریشن جناب ابرار حسین آزاد نے ریاست کے قانون داں اور دانشوران قوم سے ان دو اجلاسوں میں اپنی شرکت کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے مسلم یونائٹیڈ فیڈریشن کے علاوہ ڈیموکریٹک ایڈوکیٹ اسوسیشن بھی ان دو روزہ پروگرام میں شریک کار رہیں گے محمد شکیل احمد ایڈوکیٹ ،محمد قاسم علی ، محمد افضل الدین دکنی ایڈوکیٹ اور مولانا شفیع مسعودی کنوینرس ہونگے۔