مس ورلڈ مقابلے مندوبین کیلئے کاکتیہ دور کے تاریخی مقامات کی سیاحت

   

سکریٹری سمیتا سبھروال کا جائزہ اجلاس، تلنگانہ کے سیاحتی مقامات کے فروغ کی ہدایت
حیدرآباد 11 اپریل (سیاست نیوز) سکریٹری محکمہ سیاحت سمیتا سبھروال آئی اے ایس نے مجوزہ مس ورلڈ مقابلوں کی تیاریوں کے سلسلہ میں سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ آئندہ ماہ حیدرآباد میں مس ورلڈ مقابلوں کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ محکمہ سیاحت نے مقابلہ میں حصہ لینے والی حسیناؤں اور دیگر مندوبین کے لئے تلنگانہ کے سیاحتی مقامات کے دورہ کا منصوبہ بنایا ہے۔ 14 مئی کو مندوبین کے لئے کاکتیہ ہیریٹیج ٹور اور ورنگل ٹور کا اہتمام کیا جائے گا۔ سمیتا سبھروال نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ عالمی مندوبین کے لئے تلنگانہ کی تہذیب و ثقافت کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقامات اور ہاسپٹالیٹی کی بہتر سہولتیں فراہم کریں۔ اُنھوں نے مختلف محکمہ جات کو لاجسٹک اور سکیورٹی انتظامات کی ہدایت دی۔ کاکتیہ دور کے سیاحتی اور تاریخی مقامات اور یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سائٹ کے تحت رامپا مندر کا دورہ پروگرام میں شامل رہے گا۔ سمیتا سبھروال نے کہاکہ مس ورلڈ مقابلہ کے دوران عالمی سطح پر تلنگانہ کے سیاحتی مقامات کی بہتر طور پر تشہیر کی جائے گی تاکہ مستقبل میں عالمی سیاحوں کی آمد کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ سیاحت کے عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ مقامی حکام سے اشتراک کریں۔ محکمہ سیاحت نے تاریخی چارمینار ہیریٹیج واک کے اہتمام کا بھی فیصلہ کیا ہے اور چومحلہ پیالس میں مندوبین کے لئے ویلکم ڈنر رہے گا۔ اجلاس میں ٹورازم کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر ایم پرکاش ریڈی آئی پی ایس، سنگیت ناٹک اکیڈیمی کی صدرنشین شریمتی پی الیکھیا، ڈائرکٹر کلچر ایم ہری کرشنا، کلکٹر ہنمکنڈہ پراونیا آئی اے ایس، کلکٹر ملگ دیواکر آئی اے ایس، ایس پی ملگ سبریش آئی پی ایس، ڈائرکٹر یوتھ سرویسس وی وینکٹیشورلو اور مس ورلڈ مقابلہ کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔1