لندن سے عہدیداروں کی آمد، 10 تا 31 مئی سیاحتی اور تاریخی مقامات کا دورہ پروگرام میں شامل
حیدرآباد 2 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 10 مئی سے مس ورلڈ 2025 ء مقابلوں کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں ریاست میں پہلی مرتبہ مس ورلڈ مقابلوں کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ مس ورلڈ مقابلوں کے تحت 10 تا 31 مئی حیدرآباد میں مختلف پروگراموں کو قطعیت دی گئی۔ 72 ویں مس ورلڈ 2025 ء مقابلوں کے انعقاد سے تلنگانہ عالمی سطح پر اپنی شناخت اور برانڈ امیج کو پروجیکٹ کرسکتا ہے۔ مس ورلڈ مقابلوں کے انتظامات کے سلسلہ میں لندن سے عہدیداروں کی ٹیم آج حیدرآباد پہونچی۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اُن کا روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ مقابلوں میں حصہ لینے والی حسیناؤں کی 2 مئی سے آمد کا آغاز ہوچکا ہے اور 8 مئی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ 120 ممالک سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں مقابلہ میں حصہ لیں گی۔ تلنگانہ کی تہذیب، ثقافت اور تاریخی و سیاحتی مقامات کی سیر کا اہتمام کیا گیا ہے۔ محکمہ سیاحت نے مندوبین کے لئے مختلف پروگرام طے کئے۔ 12 مارچ کو ناگرجنا ساگر میں بدھ مت کے تاریخی مقامات کا دورہ کرایا جائے گا۔ اُسی دن حیدرآباد ہیریٹیج واک کے تحت تاریخی چارمینار، لاڈ بازار اور اطراف کے علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ 13 مئی کو مندوبین تاریخی چومحلہ پیالس کا دورہ کریں گے جہاں لائیو میوزک کنسرٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔ 14 مئی کو ورنگل کے ہیریٹیج مقامات کا ایک گروپ دورہ کرے گا جبکہ اُسی دن گروپ 2 کے لئے رامپا مندر کے دورہ کو پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ 15 مئی کو یادگیر گٹہ مندر کا دورہ پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ 16 مئی کو میڈیکل ٹورازم کے تحت حیدرآباد میں کارپوریٹ ہاسپٹلس میں علاج کی سہولتوں سے واقف کرایا جائے گا۔ محکمہ صحت نے مندوبین کو مختلف گروپس میں تقسیم کرکے علیحدہ پروگراموں کا فیصلہ کیا ہے۔ 31 مئی کو مس ورلڈ کا گرانڈ فنالے رہے گا۔ مس ورلڈ ایونٹ کے چیرپرسن اور چیف ایکزیکٹیو آفیسر جولیا ایویلن اور دیگر ٹیم ممبرس کا راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر استقبال کیا گیا۔1
