’ مس ورلڈ 2025 ‘ کا 10 مئی کو آغاز، چیف منسٹر نے جائزہ لیا

   

سیاحتی مقامات اور ہوٹلس پر سخت سیکوریٹی انتظامات کی ہدایت، مندوبین کی آمد کا سلسلہ شروع

حیدرآباد۔/29 اپریل ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں 10 مئی سے ہونے والے ’ مس ورلڈ 2025 ‘ کے انتظامات کا اجلاس میں جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ اس عالمی مقابلہ کیلئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ رہے اور شرکت کرنے والوں کو کوئی دشواری نہ ہونے پائے۔ دنیا بھر کے مختلف ممالک کی حسینائیں اس مقابلہ میں حصہ لیں گے۔ چیف منسٹر نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ وہ ایرپورٹ ، ہوٹلس اور مقابلہ کے مقام پر سخت حفاظتی انتظامات کریں تاکہ دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کو کوئی دشواری نہ ہو اس کے علاوہ حیدرآباد کے انتظامات سے وہ متاثر ہوں۔ چیف منسٹر نے مندوبین کے تاریخی مقامات اور سیاحتی مقامات کے دورے کے سلسلہ میں خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ محکمہ جاتی سطح پر انتظامات کی نگرانی کیلئے اسپیشل آفیسرس کا تقرر کیا جائے گا۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور دیگر اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ شہر کو خوبصورت بنانے سے متعلق زیر تکمیل کاموں کو فوری مکمل کریں۔ چیف منسٹر نے ’ مس ورلڈ‘ مقابلہ کے موثر انعقاد کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ، ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر، کمشنر پولیس سی وی آنند، اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے چیف منسٹر کو پروگرام کے شیڈول اور تیاریوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ مقابلوں میں حصہ لینے مندوبین کی آمد کا آغاز ہوچکا ہے۔1