جکارتہ : انڈونیشیا نے ایک ایسی برطانوی خاتون کو گرفتار کرلیا ہے جس کا نام مشتبہ عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں موجود تھا۔ اسے ویزا قوانین کی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر ملک بدر کیا جائے گا۔ تزنین مریم نامی اس خاتون جس کی شادی کسی زمانے میں ایک انڈونیشیائی انتہاء پسند کے ساتھ ہوئی تھی جو اب مرچکا ہے، پر دہشت گردی کے الزامات عائد نہیں کئے گئے ہیں۔ البتہ اس کا اور اس کے مرحوم شوہر کا نام پولیس کی فہرست میں مشتبہ ملکی اور غیرملکی دہشت گردوں کی حیثیت سے درج ہے۔ 47 سالہ مریم اور اس کے دس سالہ بیٹے کو جکارتہ میں روک لیا گیا ہے۔ انڈونیشیائی امیگریشن ڈائرکٹوریٹ کے ترجمان احمد نور صالح نے یہ بات بتائی لیکن تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔