مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو اردو اکیڈیمی کا ایوارڈ !

   

چیف منسٹرسے محمد اکرم علی کے کیا تعلقات ہیں ؟ ایم ششی دھر ریڈی کا سوال
حیدرآباد۔10فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے ذریعہ ’کارنامہ حیات‘ ایوارڈ سے نوازتے ہوئے ان کے کردار کو شفاف بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی قائد و سابق نائب صدرنشین نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھاریٹی مسٹرایم ششی دھر ریڈی نے محمد اکرم علی کے پاسپورٹ کے متعلق تلنگانہ ہائی کورٹ کے فیصلہ سے متعلق مؤقر انگریزی روزناموں دکن کرانیکل ‘ انڈین ایکسپریس اور تلگو اخبارات کے علاوہ شہر کے اردو اخبارات روزنامہ ’سیاست‘ اور روزنامہ ’اعتماد‘ میں شائع خبر کے بعد پریس کانفرنس کے دوران یہ استفسار کیا اور کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی کو اس سلسلہ میں وضاحت کرنی چاہئے کہ مذکورہ شخص سے ان کے کیا تعلقات ہیں اور وہ کب سے اس شخص کے ساتھ ہیں!انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں خود کو چیف منسٹر کے ’’سایہ ‘‘ کے طور پر پیش کرنے والے فہیم قریشی کو بھی چاہئے کہ وہ محمد اکرم علی سے اپنے تعلقات کی وضاحت کریں ۔ انہو ںنے بتایا کہ محمد اکرم علی (ابو ایمل) کے خلاف انٹلیجنس نے خفیہ رپورٹ روانہ کرتے ہوئے پاسپورٹ کو مسترد کروایا اور اس بات کا تذکرہ عدالت کے تحریری فیصلہ میں موجود ہے۔ششی دھر ریڈی نے کہا کہ وہ یہ الزام عائد نہیں کر رہے ہیں بلکہ یہ عدالت میں پولیس کی جانب سے داخل کیا گیا حلف نامہ ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فہیم قریشی اور ابوایمل کے درمیان تعلقات اور دونوں کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے تعلقات کے متعلق تفصیلی جانچ ہونی چاہئے ۔ انہوں نے ’کارنامہ حیات ‘ ایوارڈ دیئے جانے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے شخص کو جس پر پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے نگاہ رکھی جا رہی ہے اسے ’ایوارڈ‘ دیا جانا اس کے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کے مترادف ہے۔بتایاجاتا ہے کہ 1998 کے بعد سے آئی ایس آئی سے جڑے مقدمات میں ’سلطانی گواہ‘ کے طور پر پیش ہوتے ہوئے بے گناہ مسلم نوجوانوں کو ماخوذ کروانے والوں اورپولیس کے ذریعہ اذیت رسانی کا شکار بناتے ہوئے ’وعدہ معاف‘ گواہ بننے والے چہروں پر پڑے نقاب اتارنے کے لئے کئی نوجوان اور ان کے افراد خاندان تیار ہیں جو پولیس کے مظالم کا شکار رہے ہیں جن میں 2002 گجرات میں ہوئی نسل کشی کے بعدگجرات کی جیلوں میں صعوبتیں برداشت کرنے والے بھی شامل ہیں۔3