مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث سفری انتظامات پیچیدہ :آئی سی سی

   

دبئی،11مارچ (یواین آئی ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی بعض ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچز اور معاون عملہکی وطن واپسی میں تاخیر مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران اور اس کے نتیجے میں بین الاقوامی فضائی سفر میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث ہوئی ہے ۔ آئی سی سی کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق خطے میں فضائی حدودکی بندش، میزائل انتباہ، پروازوں کے راستوں میں تبدیلی اور کمرشل و چارٹر پروازوں کی اچانک منسوخی یا ری شیڈولنگ کے باعث سفری انتظامات غیر معمولی طور پر پیچیدہ ہوگئے ہیں۔ آئی سی سی کے بموجب یہ تمام عوامل اس کے قابو سے باہر ہیں جس کے باعث ٹیموں کی واپسی میں تاخیر ہوئی۔ بیان میں کہا گیا کہ آئی سی سی متاثرہ ٹیموں کی جلد اور محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ایر لائنز، چارٹر آپریٹرز، ایر پورٹ حکام اور مختلف ممالک کے سرکاری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔ آئی سی سی کے مطابق موجودہ انتظامات کے تحت جنوبی افریقہ کا دستہ آج رات وطن واپسی کا سفر شروع کرے گا اور توقع ہے کہ آئندہ36 گھنٹوں کے اندر تمام ارکان روانہ ہو جائیں گے ۔ اسی طرح ویسٹ انڈیزکے 9 ارکان پہلے ہی وطن کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جبکہ باقی16 ارکان آئندہ24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان سے روانہ ہوں گے ۔ آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ ان فیصلوں کا مقصد صرف کھلاڑیوں اور دیگر افراد کی حفاظت، سفری امکانات اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے ۔