سڈنی 18 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مشرقی آسٹریلیا میں کئی دن سے جاری جنگلات کی آگ ہفتے کو بارش کی وجہ سے بڑی حد تک کم ہوگئی تاہم بارش کی وجہ سے کچھ علاقوں میں سیلاب کا نیا خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جنوب اور جنوب مشرقی آسٹریلیا میں جنگلات کی مہیب آگ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور یہاں اب تک بارش نہیں ہوئی ہے ۔ جنوبی ساحل پر واقع گھنے جنگلات میں بھی آگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ نیو ساوتھ ویلس اسٹیٹ کے فائر سرویس محکمہ کا کہنا ہے کہ جملہ 75 مقامات پر جنگلات کی آگ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کچھ مقامات پر بارش اور درجہ حرارت میں کمی لانے کے اقدامات سے آگ کو بجھانے میں مدد مل رہی ہے ۔ شمال کے کوئینس لنڈ اسٹیٹ میں کل رات سے شدید طوفان کی صورتحال ہے جس کے نتیجہ میں کچھ مقامات پر سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔
کچھ مقامات پر سڑکیں بند کردی گئی ہیں اور کچھ افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔