ورنہ حملے جاری رہیں گے ،نومنتخب ایرانی رہبراعلیٰ کا پہلا آڈیو پیغام
تہران، 12 مارچ (یو این آئی) نومنتخب ایرانی رہبر اعلی آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے آڈیو پیغام میں شہداء کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمزبند رہے گی۔ ایرانی سپریم لیڈر نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار خطاب کرتے ہوئے کہا ہیکہ ہم اپنے شہدا خصوصا مناب اسکول کے شہدا کا بدلہ لیے بغیر نہیں رہیں گے اور عوامی یکجہتی سے دشمن کو شکست دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا عہدہ مجھ سے کئی چیزوں کا تقاضہ کررہا ہے ، عوام نے دنیا کو دکھایا کہ ایرانی عظیم قوم ہیں، عوام کی حمایت کے بغیر میری کوئی اہمیت نہیں۔ اپنے ریکارڈ شدہ خطاب میں انہوں نے کہا کہ خطے میں امریکی فوج کی موجودگی کشیدگی اور جنگ کو بڑھا رہی ہے اور اگر یہ اڈے برقرار رہے تو ان پر حملوں کا خطرہ موجود ہوگا۔ مشرقِ وسطیٰ میں موجود تمام امریکی فوجی اڈوں کو فوری طور پر بند کر دینا چاہیے ، بصورتِ دیگر انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے ۔ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ دشمن ایرانی عوام کو نشانہ بنارہے ہیں، ہمیں اپنے دشمن کو شکست دینی ہے ۔شہدا کے خون کے بدلے کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ایرانی عوام کا اتحادہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ اللہ تعالیٰ قوم کی رہنمائی کرنے میں میری مدد فرمائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈے بند کیے جائیں، امریکی اڈے بند نہ ہوئے توحملے جاری رہیں گے ، ہم پڑوسیوں سے دوستانہ روابط پر یقین رکھتے ہیں، ہم صرف فوجی اڈوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ ناگزیر طور پر جاری رکھیں گے ۔ مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ آبنائے ہُرمُز دشمن پر دباؤ ڈالنے کے لیے بند رہنی چاہیے ، ہرایرانی سمیت تمام شہدا کا بدلہ لیں گے ۔