آکلینڈ:22 جون ( سید مجیب کی رپورٹ ) نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت مشرق وسطیٰ میں سفارتکاری اور بات چیت پر زور دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی پیشرفت کو تسلیم کیا ہے جس میں امریکی صدر ٹرمپ کا ایران میں نیوکلیئر تنصیبات پر حملوں کا اعلان بھی شامل ہے ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مشرق وسطیٰ میں جاری فوری کارروائی انتہائی تشویشناک ہے اور حالات کا تقاضہ یہ ہیکہ مزید کشیدگی سے گریز کیا جائے ۔ مسٹر پیٹرز کے ساتھ ساتھ وزیر دفاع جوڈتھ کولنز کا کہنا ہے کہ حکومت نیوزی لینڈ ایران اور اسرائیل میں پھنسے نیوزی لینڈ کے شہریوں کی مدد کیلئے تمام متبادلوں پر عمل پیرا ہے جس کیلئے ایک سرکاری اہلکار اور ایک C-130J ہرکولیس طیارہ مشرق وسطی میں تعینات کیا جارہاہے جو ضرورت پڑنے پر مدد کیلئے تیار رہیں گے ۔