مشرق وسطی میں بھی پابندیاں

   

دوبئی 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات نے دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی مسافر و ٹرانزٹ پروازیں معطل کر دی ہیں۔ اس فیصلے پر عملدرآمد آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں متوقع ہے۔ اس فیصلے سے دنیا کا مصروف ترین دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ بھی متاثر ہو گا۔ علاوہ ازیں امارات میں شاپنگ مالز، ریستوران اور دیگر تمام تفریحی مقامات بھی بند رہیں گے۔ سعودی عرب نے بھی اکیس دنوں کے لیے ملک میں شام سات بجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خلیج کے دیگر ملکوں میں بھی ایسی ہی بندشیں نافذ العمل ہیں، جن کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ مشرق وسطی کے خطے میں اب تک کورونا وائرس کے اٹھائیس ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔