مشقیق الرحیم اوربریز کو ایوارڈز

   

دبئی ۔ بنگلہ دیش کے سابق کپتان مشفیق الرحیم اور اسکاٹ لینڈ کی آل راؤنڈر کیتھرین بریز کو آئی سی سی کے ماہ مئی کے بہترین مرد خاتون کھلاڑیوں کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ صحافتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مشفیق الرحیم اور بریز کو مئی کے مہینے کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم نے ماہ مئی کے دوران ایک ٹسٹ اور تین ونڈے سری لنکا کے خلاف کھیلے تھے اور ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف پہلی مرتبہ ونڈے سیریز اپنے نام کی تھی جس میں انہوں نے دوسرے مقابلہ میں 125 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ آئی سی سی کی ووٹنگ اکیڈیمی کے نمائندے اور ہندوستان کے سابق ٹسٹ بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے مشفیق الرحیم کے مظاہروں کے متعلق کہا ہے کہ عالمی سطح پر 15 سال ملک کی نمائندگی کرنے کے باوجود ان کے مظاہروں میں آج بھی وہی بات ہے اور وہ مسلسل رنز اسکور کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں ان کے شاندار مظاہروں کی بدولت بنگلہ دیش میں 1996 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے خلاف پہلی مرتبہ ونڈے سیریز اپنے نام کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کے بیٹنگ شعبہ میں میڈل آرڈر کو تقویت دینے کے علاوہ مشفیق الرحیم وکٹ کیپنگ کی بھی ذمہ داری بہ خوبی نبھا رہے ہیں۔ دریں اثناء بریز اسکاٹ لینڈ کی ایسی پہلی مرد یا خاتون کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے جنہوں نے آئی سی سی کی درجہ بندی میں بیٹنگ یا بولنگ شعبہ کے سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں جگہ بنائی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ حالیہ عالمی درجہ بندی میں بریز سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل ہوئی ہیں۔ بریز ماہ مئی کے دوران آئیرلینڈ کے خلاف 4 ٹی 20 مقابلے کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 96 رنز اسکور کرنے کے علاوہ 4.76 کی اوسط سے رنز دیتے ہوئے 5 وکٹیں بھی اپنے نام کی ہیں۔ بریز کے مظاہروں پر اظہار خیال کرتے ہوئے آئی سی سی ووٹنگ اکیڈیمی کے نمائندے اور پاکستان کے سابق کپتان رمیز راجا نے کہا ہے کہ بریز نے جس طرح کی بیٹنگ اور بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے اس کے بعد وہ گزشتہ مہینے کی بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کی مستحق ہیں۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے رواں برس ہی تمام طرز کی کرکٹ کے مرد اور خاتون کھلاڑیوں کے بہترین مظاہروں کو تسلیم کرنے کے لئے ہر مہینہ بہترین کھلاڑی کے انتخاب اور اسے ایوارڈ سے نوازنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ یادر ہے کہ مشفیق الرحیم ٹسٹ، ونڈے اور ٹی 20 مقابلوں میں بنگلہ دیش کیلے اہم کھلاڑی کا کردار ادار کرتے ہیں۔
ولیمسن کی فائنل میں شرکت کا امکان
ساؤتھمپٹن۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹام لیتھم نے کہا ہے کہ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن اور وکٹ کیپر بیٹسمین بی جے واٹلنگ اپنے زخموں سے تیزی کے ساتھ روبہ صحت ہو رہے ہیں اور امکان ہے کہ دونوں کھلاڑی ہندوستان کے خلاف 18 جون کو شروع ہونے والے ورلڈ ٹسٹ چیمپین شپ کے فائنل میں شرکت کا امکان ہے۔ لیتھم جنہوں نے ولیمسن کی عدم موجودگی میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف 22 برسوں میں ٹیم کو پہلی ٹسٹ کامیابی سے ہمکنار کیا تھا، انہوں نے ولیمسن اور واٹلنگ کے متعلق مزید کہا کہ دونوں ہی کھلاڑی تیزی سے روبہ صحت ہو رہے ہیں اور انہیں فائنل سے قبل مکمل آرام کی ضرورت ہے تاکہ وہ رواں ہفتہ کے آخری ایام میں شروع ہونے والے مقابلہ کے لئے تازہ دم ہوسکیں۔ یاد رہے گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹسٹ کو انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے 1999 کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ میں ٹسٹ سیریز جیتی ہے اور ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود نیوزی لینڈ نے بہتر مظاہرہ کیا ہے۔