مودی، امیت شاہ اور نڈا قیادت کریں گے، تلنگانہ میں تنہا مقابلہ جبکہ آندھرا پردیش میں جگن سے مفاہمت کی تیاریاں
حیدرآباد۔/31مئی، ( سیاست نیوز) بی جے پی نے 2024 عام انتخابات سے قبل جنوبی ہند کی ریاستوں میں پارٹی کے استحکام پر توجہ مرکوز کی ہے۔ مشن ساؤتھ انڈیا کے نام سے آندھرا پردیش، تلنگانہ، ٹاملناڈو اور کیرالا میں اسمبلی انتخابات کے ساتھ ساتھ لوک سبھا میں بہتر مظاہرہ کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ مشن ساؤتھ انڈیا کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی قیادت میں وقفہ وقفہ سے مختلف پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے۔2014 میں مرکز میں اقتدار کے بعد بی جے پی کو جنوبی ریاستوں میں داخلے کیلئے دیگر جماعتوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔ چھتیس گڑھ، راجستھان، دہلی، پنجاب اور جنوبی ریاستوں کے ماسواء دیگر ریاستوں میں پارٹی کا بہتر موقف ہے۔ 1980 میں پارٹی کے قیام کے بعد سے بی جے پی جنوبی ہند میں استحکام پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ کیرالا ، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور ٹاملناڈو میں حالیہ عرصہ میں مشن ساؤتھ انڈیا کی قیادت کرنے والے قائدین نے اپنے دوروں میں اضافہ کردیا ہے۔ کرناٹک اور تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات 2023 میں مقرر ہیں جبکہ آندھرا پردیش میں 2024 میں لوک سبھا کے ساتھ اسمبلی انتخابات ہوں گے۔ کیرالا اور ٹاملناڈو اسمبلیوں کیلئے 2026 میں انتخابات مقرر ہیں۔ امیت شاہ نے بی جے پی کے صدر کے عہدہ پر فائز رہتے ہوئے مشن ساؤتھ انڈیا کا نظریہ پیش کیا تھا اور موجودہ صدر جے پی نڈا عمل آوری کی کوشش کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے حالیہ دنوں میں تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی قائدین اور کارکنوں کے حوصلے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ انڈین اسکول آف بزنس کے کانوکیشن میں شرکت کے موقع پر وزیر اعظم نے بیگم پیٹ ایر پورٹ پر بی جے پی کارکنوں سے خطاب کیا جو پارٹی کی ایک بڑی ریالی سے خطاب کی طرح تھا۔ وزیر اعظم نے تلنگانہ میں بی جے پی حکومت کے برسراقتدار آنے کی پیش قیاسی کردی اور کے سی آر حکومت کو خاندانی حکمرانی سے تعبیر کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مودی اور امیت شاہ ٹاملناڈو، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں مزید دورے کریں گے۔ آندھرا پردیش میں برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے مفاہمت کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں جبکہ تلنگانہ میں بی جے پی تنہا مقابلہ کرے گی۔ تلنگانہ میں 2 اسمبلی حلقوں کے ضمنی چناؤ میں کامیابی کے بعد بی جے پی کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تشکیل حکومت کے نشانہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ماہ آندھرا پردیش کا دورہ کرنے والے ہیں۔ تلگو ریاستوں میں آندھرا پردیش کے مقابلے تلنگانہ میں بی جے پی قیادت کو زیادہ امکانات اور مواقع دکھائی دے رہے ہیں۔ر