لوک سبھا میں مرکزی وزیر اوما بھارتی کا جواب
حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی نے لوک سبھا میں ٹی آر ایس کے رکن کے پربھاکر ریڈی کے سوال پر بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے مشن بھگیرتا اور مشن کاکتیہ کے تحت 2015 تا 2019کے لیے مرکزی حکومت سے 30571 کروڑ خصوصی ترقیاتی پیکیج کی منظوری کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اسکیمات کے تحت مختلف پراجیکٹس کی تکمیل کے لیے خصوصی گرانٹ کی درخواست کی گئی۔ نیتی آیوگ نے 31 مارچ 2016ء کو مشن کاکتیہ کے تحت تین برسوں کے لیے 5 ہزار کروڑ روپئے کی اجرائی کی سفارش کی ہے۔ نیتی آیوگ نے مشن بھگیرتا کے تحت تین برسوں کے لیے 19205 کروڑ روپئے کی ضرورت کے بارے میں محکمہ فینانس کو جائزہ لینے کی سفارش کی۔ وزارت فینانس نے 14 جولائی 2016ء کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا کے تحت خصوصی امداد کی اجرائی کی گنجائش نہیں ہے۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ تلنگانہ میں 575 واٹر باڈیز اور چار کلسٹرس کا کام جاری ہے۔ اسکیم کی جملہ مالیت 459 کروڑ 18 لاکھ ہے جس میں مرکز کی حصہ داری 272 کروڑ ہے۔ مرکز نے اپنے حصہ کی رقم میں 104 کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں۔