آئی ٹی و صنعت کی سالانہ رپورٹ کی اجرائی ، وزیر کے ٹی آر کا دعویٰ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں کورونا بحران ، لاک ڈاؤن جیسے مشکل حالت کے باوجود آئی ٹی ۔ صنعت کے علاوہ دوسرے شعبوں نے اچھی پیشرفت کی ہے ۔ آج ایم سی ایچ آر ڈی میں آئی ٹی اور صنعت کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی دانشورانہ صلاحیتوں اور پالیسیوں کی وجہ سے ریاست کے تمام شعبے مختصر عرصہ میں ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت لانے کے لیے ہر سال ترقیات پر مشتمل رپورٹ کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2020-21 میں ریاست کی مجموعی گھریلو پیداوار کا تخمینہ 9.78 لاکھ کروڑ روپئے ہے ۔ زراعت کے شعبہ میں 20.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ ملک کی فی کس آمدنی 1,27,768 روپئے تھی جب کہ ریاست تلنگانہ کی فی کس آمدنی 2,27,145 روپئے درج ہوئی ۔ سال 2019-20 میں ریاستی آئی ٹی کی برآمدات 1.28 لاکھ کروڑ تھی اور سال 2020-21 میں بڑھ کر 1.45 لاکھ کروڑ روپئے کی توقع کی جارہی ہے ۔ ملک کے دیگر ریاستوں کے مقابلے میں تلنگانہ میں آئی ٹی کی سرگرمیاں دوگنی ہوگئی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ قومی سطح کے مقابلے میں تلنگانہ میں ملازمتوں کی فراہمی کافی بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل پر آئی ٹی ملازمین کی تعداد 3.23 لاکھ تھی جو اب بڑھ کر دوگنی ہوگئی ہے ۔ فی الحال ریاست کا آئی ٹی سیکٹر 6.23 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں فراہم کررہا ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں تقریبا 20 لاکھ افراد کام کررہے ہیں ۔ مرکز سے مائیکرو اور چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ وزیر آئی ٹی و صنعت نے 20 لاکھ کروڑ روپئے کا خصوصی پیاکیج جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ریاستوں کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ ملٹی نیشنل اور کارپوریٹ کمپنیاں تلنگانہ کا رخ کررہی ہیں اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرتے ہوئے اپنی خدمات کو توسیع دے رہی ہیں ۔ آئی ٹی کی سرگرمیوں کو صرف شہر حیدرآباد تک محدود رکھنے کے بجائے ریاست کے دوسرے درجہ کے شہروں تک اس کو توسیع دی جارہی ہے ۔ آئی ٹی کے معاملے میں حیدرآباد ۔ بنگلور کو پیچھے چھوڑ چکا ہے ۔ بہت جلد راما گنڈم ، سدی پیٹ اور نلگنڈہ میں آئی ٹی ٹاورس کا افتتاح کیا جائے گا ۔ الکٹرانک شعبہ میں 4 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور ساتھ ہی محبوب نگر میں عنقریب سولار پلانٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ۔۔