مشکل وقت میں بی آر ایس کے تمام قائدین متحد ہوجائیں گے : کویتا

   

ریونت ریڈی حکومت ، پارٹی سے سیاسی انتقام لے رہی ہے
حیدرآباد۔ 17 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کی ایم ایل سی اور تلنگانہ جاگروتی کی صدر کویتا نے کہا کہ بی آر ایس میں نظریاتی اختلافات اپنی جگہ ہیں۔ جب پارٹی پر یا قائدین پر مشکل وقت آتا ہے تو ہم سب متحدہ ہوکر اس کا مقابلہ کرتے ہیں۔ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ کی ریونت ریڈی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی۔ حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے لانے والے بی آر ایس قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرواتے ہوئے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔ کویتا نے کہا کہ کے سی آر، ہریش راؤ، کے ٹی آر کے علاوہ بی آر ایس کے دیگر قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمے درج کرتے ہوئے بی آر ایس کیڈر کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سے پارٹی قائدین ہرگز مایوس نہیں ہوں گے بلکہ حکومت کے خلاف جدوجہد کریں گے۔ کویتا نے کے ٹی آر کو نوٹس دینے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ میں نے پہلے بھی کے ٹی آر کو نوٹس ملنے پر اس کی مذمت کی تھی، آج بھی اس کی مذمت کرتی ہوں۔ پارٹی قائدین میں نظریاتی اختلافات ہوسکتے ہیں، بی آر ایس پارٹی میں قائدین کو اپنی رائے کھل کر اظہار کرنے کا اختیار حاصل ہے، اس کو پارٹی میں اختلافات سمجھنا غلط بات ہے۔ جب بھی پارٹی کو ہماری ضرورت پڑے گی، ہم سب متحد ہوکر اس کا ساتھ دیں گے اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف متحدہ جدوجہد کریں گے۔ کویتا نے اے سی بی عہدیداروں کی جانب سے کے ٹی آر سے پوچھ تاچھ کے موقع پر تلنگانہ بھون کو پولیس کی جانب سے مقفل کئے جانے اور پارٹی کارکنوں کو ہراساں کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اندرماں حکومت میں اب یہی دیکھنا باقی رہ گیا تھا۔ عوامی حکومت کے نام پر عوام دشمن پالیسیوں پر عمل کیا جارہا ہے جس کے خلاف بی آر ایس اپنی جدوجہد جاری رہے گی۔2